مسلم لیگ ن کے قائدین پر الزام تراشی کا سلسلہ بند ہونا چاہئے ،عمران احمد شاہ

جمعہ 11 مئی 2018 19:27

ساہیوال۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن کے قائدین پر الزام تراشی کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے پہلے شریف برادران پر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین الزام تراشی کرتے تھے اب نیب نے بھی الزام تراشی کا سلسلہ شروع کردیا ہے ۔ نیب کو چاہئے کہ سنگین الزام تراشی سے قبل ثبوت اکٹھے کرے اور پھر بعد میں کوئی بیان داغے نیب ایک ادارہ ہے ادارے کی جانب سے بغیر کسی تحقیق کے الزام تراشی اس کی جانبداری کا اظہار ہے ۔

ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ن وہ واحد حکومتی جماعت ہے جس کے اقتدارمیں آتے ہی عوامی فلاحی ترقیاتی منصوبے شروع ہو جاتے ہیں اورملک ترقی کی جانب اپنی منازل طے کرنے لگتاہے لیکن مخالف قوتوں کو یہ بات ہضم نہیں ہوتی اور وہ ٹانگیں کھینچنا شروع کرکے ملکی ترقی میں رکاوٹیں کھڑی کرنا شروع کردیتی ہیں اور یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جب بھی مسلم لیگ ن برسراقتدار آئی اورمخالف قوتیں سرگرم ہو کر سازشیں شروع کردیتی ہیں ۔ اس وقت سی پیک جیسے منصوبے پر تیزی سے کام ہورہاہے جس سے ملکی تقدیر بدلنے والی ہے اپوزیشن سیاسی جماعتوں ودیگر قوتوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں تاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکے ۔