او پی سی کی بدولت اوورسیز پاکستانی کا 60لاکھ روپے مالیت کا گھر واگزار

دمام ،سعودی عرب میں مقیم محمد یونس کے مکان کو کرایہ دار نے خالی کرنے سے انکار کر دیا تھا

جمعہ 11 مئی 2018 19:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) اوورسیز پاکستانیز کمیشن(اوپی سی)پنجاب کی معاونت سے سمندر پار مقیم پاکستانی کو اپنی60لاکھ روپے مالیت کے گھر کا قبضہ واپس مل گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کمشنر او پی سی افضال بھٹی نے اس ضمن میں بتایا کہ دمام، سعودی عرب میں مقیم محمد یونس نے کمیشن کو شکایت درج کروائی کہ کرایہ دار نے جعلی دستاو یزات بنوا کر فتح گڑھ لاہور میں واقع ان کے تین مرلے کے مکان کو خالی کرنے سے انکار کردیا ہے، جسے خالی کر ایا جائے ۔

افضال بھٹی نے بتایا کہ یہ شکایت مزید کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی لاہور کو بجھوائی گئی جس کے ارکان کی مدد سے مذکورہ مکان خالی کراکے اس کا قبضہ اصل مالک کے حوالے کر دیا گیا۔ محمد یونس نے مکان خالی کروانے میں مدد فراہم کرنے پر او پی سی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔