کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز، پرچی پر مہر اور دستخط کے بغیر ادویات فراہم کرنے والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

جمعہ 11 مئی 2018 19:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیزکے ایگزیکٹیوڈائریکٹر نے ڈاکٹرز کی پرچی پر مہر اور دستخط کے بغیر ادویات فراہم کرنے والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کردی ۔جبکہ ڈاکٹرز کو ادویات کی پرچی پر اپنی مہر اور دستخط کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اسداللہ حسینی اور ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹرراشد سبزواری کی زیر صدارت کے آئی ایچ ڈی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں تمام آر ایم او جنرلز اور شفٹ انچارجز نے شرکت کی ۔

اجلاس میں پروفیسر عبدالرشید کو ڈائریکٹر ایمرجنسی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔جبکہ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ دوران ڈیوٹی تمام ڈاکٹرز اپنے سینے پر نام کے بیجز آویزاں کریں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مریضوں کو لکھی جانے والی ادویات کی پرچی پر ڈاکٹرز اپنی مہر اور دستخط لازمی کریں گے تاکہ مریضوں کو اضافی ادویات کی شکایات کی روک تھام کی جاسکے۔

ڈائریکٹرایمرجینسی کے آئی ایچ ڈی پروفیسر عبدالرشید کا کہنا ہے کہ اسپتال میں قائم میڈیکل اسٹورز کو تنبیہہ نوٹس جاری کردیئے ہیں ۔ ڈاکٹرز کی مہر کے بغیر ادویات فراہم کرنے والے میڈیکل اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو دو دن سے زیادہ دوائی نہیں لکھی جائے جبکہ تیسرے روز مریض کو کنسلٹنٹ او پی ڈی میں دکہایا جائے ۔

ڈاکٹر اسد اللہ حسینی کا کہنا تھا کہ کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز آنے والے مریضوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں ،اسپتال آنے والے مریضوں کو پیش آنے والی شکایات کے خاتمے کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے ،جو ایمرجنسی اور اوپی ڈی میں اچانک دورے کرکے مریضوں کو بلا تعطل سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیں گی ۔

متعلقہ عنوان :