اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور زیبسٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 11 مئی 2018 19:42

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور زیبسٹ کے درمیان مفاہمتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (زیبسٹ) کے ساتھ سمجھوتہ کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں جس کا مقصد اکیڈیمیا انڈسٹری روابط کو فروغ دینا اور یونیورسٹیوں کی تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں کے ذریعے صنعتوں کو درپیش اہم مسائل کا حل تلاش کرنا ہے۔

اس سلسلے میں چیمبر میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید اور زیبسٹ اسلام آباد کیمپس کے ہیڈ خسرو پریز خان نے سمجھوتہ پر دستخط کئے۔ معاہدہ کے تحت چیمبر مقامی صنعتوں اور یونیورسٹیوں کے درمیان قریبی روابط قائم کرنے کیلئے زیبسٹ کے ساتھ مل کر کام کرے گا اور زیبسٹ کی تحقیق و ترقی کی سرگرمیوں کے ذریعے مقامی صنعتوں کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کیلئے کام کرے گا۔

(جاری ہے)

چیمبر زیبسٹ کے طلبا کو اپنے انٹرپرینورشپ اینڈ انوویشن سنٹر میں بھی مدعو کر کے ان میں انٹرپرینیور شپ کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا تا کہ نوجوان ملازمتوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اپنا کاروبار شروع کر کے خوشحال مستقبل حاصل کریں۔ چیمبر زیبسٹ کے طلبا کو مقامی کاروباری اداروں کا دورہ کرنے میں بھی تعاون کرے گا تا کہ طلبا ان اداروں میں اپنائی جانے والی جدید بزنس پریکٹیسز کے بارے میں بہتر آگاہی حاصل کر سکیں۔

چیمبر زیبسٹ کے طلبا کو مقامی صنعتی شعبے میں انٹرن شپ کے مواقع حاصل کرنے میں بھی تعاون کرے گا تا کہ طلبا پیشہ وارانہ زندگی کا تجربہ حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ ملکی معیشت کو درپیش اہم چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کرنے کیلئے یونیورسٹیوں اور صنعتوں کے درمیان مضبوط روابط کا فروغ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ریسرچ کے شعبے میں کافی کام ہو رہا ہے لیکن یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط نہ ہونے کی وجہ سے صنعتی شعبہ مذکورہ ریسرچ سے پوری طرح مستفید نہیں ہو رہا لہذا اکیڈمیا انڈسٹری مضبوط روابط کو ترقی دے کر ہی معیشت کو درپیش اہم چیلنجوں کا بہتر حل نکالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر اور زیبسٹ کے درمیان باہمی سمجھوتے کی یادداشت سے ان مقاصد کے حصول کی طرف مثبت پیشرفت ہو گی۔

زیبسٹ کیمپس اسلام آباد کے ہیڈ خسرو پرویز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹیاں صنعتی شعبہ سے علیحدہ رہ کر کام نہیں کر سکتیں کیونکہ جب تک یونیورسٹیاں صنعتی شعبہ کی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا نہیں کریں گے معیشت بہتر ترقی نہیں کر سکے گی۔ لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ یونیورسٹیوں اور صنعتوں کے درمیان پائیدار اور مضبوط روابط قائم کئے جائیں جس سے پاکستان ایک نالج اکانومی کی طرف تیزی سے بڑھے گا ۔ انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ چیمبر اور زیبسٹ کے درمیان سمجھوتہ طے پانے سے طلبا اور صنعتی شعبے کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔