فیصل آباد نامور شعراء ، اہلِ قلم ، مصنفین، فنکاروں اور صنعت کاروں کا شہر ہے،

فیصل آباد جیسے مردم خیز خطے میں کتاب میلہ دُور رس اثرات کا حامل ہے وزیراعظم کے مشیرِ عرفان صدیقی کا نیشنل بُک فائونڈیشن اور آرٹس کونسل فیصل آباد کے اشتراک سے کتاب میلے کی افتتامی تقریب سے خطاب

جمعہ 11 مئی 2018 19:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) وزیراعظم کے مشیرِ برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ فیصل آبا د پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے اور تجارتی مرکز ہونے کی وجہ سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ اس مردم خیز خطے میں نیشنل بُک فائونڈیشن اور فیصل آباد آرٹس کونسل کے اشتراک سے کتاب میلے کا انعقاد دُوررس اثرات کا حامل ہے۔

وہ گزشتہ روز فیصل آباد میں دو روزہ این بی ایف کتاب میلے کی افتتاحی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد نامور شعراء ، اہلِ قلم ، مصنفین، فنکاروں اور صنعت کاروں کا شہر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ دو روزہ میلہ اہلِ فیصل آباد کی بھرپور توجہ حاصل کرے گا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے ایم ڈی این بی ایف ڈاکٹر انعام الحق جاویدنے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے عرفان صدیقی اور دیگر مہمانان کا شکریہ ادا کیا جبکہ صوفیہ بیدار، ڈاکٹر ریاض مجید، ڈاکٹر انور محمود خالد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کتاب میلے کے مہمانِ خصوصی عرفان صدیقی نے فیتہ کاٹ کر فیصل آباد میں پہلی بار منعقد ہونے والے این بی ایف کتاب میلے کا افتتاح کیا۔

انہوں نے اس موقع پر بک اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔ واضح رہے کہ اس کتاب میلے میں 50کے لگ بھگ پبلشرز نے بک اسٹال لگائے ہیں جہاں شائقین کو رعایتی نرخوں پر کتب دستیاب ہیں، این بی ایف کی طرف سے 55فیصد ڈسکائونٹ پر ریڈرز بک کلب ممبرز شپ بھی آنے والوں کے لیے پُرکشش رعایت ہے۔ میلے کے پہلے روز بیکن اسکول سسٹم کے بچوں نے پروگرام پیش کیا اور خوبصورت اسٹیج پرفارمنس دی جبکہ کتاب خوانی سیشن میں نام ور دانش وروں نے شرکت کی اور اپنی یا دوسرے لکھاریوں کی کتب سے اقتباسات پڑھے۔