بے بنیاد شکایت کی جانچ پڑتال کی تشہیر کرکے ہماری خاندانی ساکھ کو متاثرکرنے کی کوشش کی گئی ،ڈاکٹرصفدر عباسی

جمعہ 11 مئی 2018 19:42

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدرڈاکٹرصفدر عباسی نے اپنے ایک بیان میں نیب کی طرف سے جاری پریس ریلیز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں لگائے گئے الزامات جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہیں ۔انہوں نے ناہید خان، منور علی عباسی، معظم علی عباسی پر سرکاری زمینوں پرہائوسنگ کالونیاں بنانے اور ناجائز اثاثہ جات بنانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خاندان ملکی سیاست میںایک مقام رکھتا ہے اور ایک بے بنیاد شکایت کی جانچ پڑتال کی تشہیر کرکے ہماری خاندانی ساکھ کو متاثرکرنے کی کوشش کی گئی جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہما را خاندان محترمہ بے نظیربھٹو کی دوسری حکومت کے خاتمے کے بعد 22سال سے احتساب کے مختلف مراحل سے گزر چکا ہے اور ہر دفعہ نیب کو اپنے الزامات واپس لینے پڑے یا ہم عدالتوں سے با عزت بری ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ میںچیزیں آگے نہ بڑھ سکیں توہمارے سیاسی مخالفین نے انہی الزامات کی بنا پر ایک بے بنیاد شکایت نیب کو بھیجی جس میں میرے پورے خاندان پر لغو اور جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیںہم اپنے خلاف ہر قسم کی انکوائری اور تحقیقات کا سامنا کر نے کو تیار ہیں لیکن نیب کی طرف سے کسی بھی ایسی بلاجواز کاروائی کو مسترد کرتے ہیں جس سے کردار کشی کا پہلو سامنے آتا ہو۔