مختلف شعبوں میں کام کرنے والی خواتین ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں حصہ لے رہی ہیں، گورنر سندھ

خواتین کو آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، کراچی ویمن چیمبر ایسٹ کے وفد سے ملاقات

جمعہ 11 مئی 2018 19:46

مختلف شعبوں میں کام کرنے والی خواتین ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) گورنر سندھ محمدزبیر نے کہا ہے کہ خواتین کو ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع دستیاب ہیں جن سے وہ بھرپور استفادہ کررہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ویمن چیمبر ضلع شرقی کے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت رضوانہ شاھد کررہی تھیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ آبادی کا نصف حصہ ہونے کے باعث کو ہر شعبہ زندگی میں ان کی شمولیت انتہائی ناگزیر ہے تاکہ ملک کی ترقی و خوشحالی کی رفتار کو تیز کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات ، دشواریوں کے باوجود تعلیم، صحت ، کاروبار، سماجی خدمت ، انتظامیہ ، مقننہ اور دیگر شعبوں میں خواتین کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔ پروفیشنل تعلیم حاصل کرنے کے بعد خواتین کی ایک بڑی تعداد کے معاشرے میں موثر کردار ادا نہ کرنے کا تذکرہ کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں موثر آگاہی مہم کی ضرورت ہے تاکہ ہماری نصف آبادی معاشرہ کی تعمیر و ترقی میں بھرپور حصہ لے سکے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے کاروبار سے منسلک خواتین نہ صرف معاشی ترقی میں حصہ لے رہی ہیں بلکہ بے روزگاری میں کمی کا باعث بھی ثابت ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کاروبار سے منسلک خواتین کو آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا معاشی حب ہونے کے باعث ملک کے دیگر شہروں کے مقابلہ میں کراچی میں خواتین کو مختلف شعبوں میں کام کرنے کے زیادہ مواقع حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 کے مقابلہ میں امن و امان ، توانائی کی صورتحال بہت بہتر ہے یہی وجہ ہے کہ اب انفرااسٹرکچر کی تعمیر و بحالی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس موقع پر وفد کی اراکین نے گورنر سندھ کو مختلف کاروبار سے منسلک خواتین کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور ان کے حل کے لئے درخواست کی۔