لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے کا اربوں روپے کا طیارہ اونے پونے فروخت کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ملتوی کر دی

جمعہ مئی 19:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے پی آئی اے کا اربوں روپے کا طیارہ اونے پونے فروخت کرنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ملتوی کر دی،،عدالت نے سرکاری وکیل سے کہا ہے کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ اس حوالے سے معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے کیس کی سماعت کی،درخواست گزار نبیل جاوید کاہلوں ایڈوکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ قومی ائیرلائن کے سابق سی ای او ہلڈن برانڈ نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اربوں روپے کی ائیربس 310 اے سستے داموں فروخت کر دی،انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ کے مطابق چار ارب سے زائد رقم کا طیارہ پچپن لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا،انہوں نے استدعا کی کہ عدالت طیارہ فروخت کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے،انہوں نے مزید استدعا کی کہ عدالت سابق سی ای او کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کرے،،عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آگاہ کیا جائے کہ اس حوالے سے معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التواء ہے یا نہیں۔