چیئرمین نیب کی وضاحت مسترد،نواز شریف کا قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ

وقت آگیا ہے نیب کا قوم اور پوری دنیا کے سامنے چہرہ بے نقاب کریں گے، نواز شریف نیب ایک غیر دیانتدار اور متعصب ادارہ بن چکا ،پارٹی قائد کا مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب اجلاس میں ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ، الیکشن سیل اور منشور کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ

جمعہ 11 مئی 2018 20:08

چیئرمین نیب کی وضاحت مسترد،نواز شریف کا قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے چیئرمین نیب کی وضاحت کو مسترد کرکے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب ایک متعصب اور جانبدار ادارہ بن چکا ہے ،وقت آگیا ہے اب نیب کا قوم اور پوری دنیا کے سامنے چہرہ بے نقاب کریں گے تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور راجہ ظفر الحق سمیت دیگر ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی جبکہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں چیئرمین نیب کے نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے الزام کی شدید مذمت کی گئی اور چیئرمین نیب کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر اب انتقامی کاروائیاں قبول نہیں ہیںکیونکہ نیب اب ایک غیر دیانتدار اور متعصب ادارہ بن چکا ہے چیئرمین نیب کی وضاحت قابل قبول نہیں ،اب وقت آگیا ہے کہ نیب کا اصل چہرہ پوری قوم سمیت دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جاسکے اگر چیئرمین نیب نے معافی نہ مانگی تو مسلم لیگ ن ہر صورت میں قانونی آپشنز پر غور کرے گی اس کے علاوہ اجلاس میں ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ الیکشن سیل اور منشور کمیٹی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے حوالے سے سیل مانیٹرنگ کرے گا اور آئندہ انتخابات کے لئے ایک منشور کمیٹی بھی بنائی گئی ہے جو کہ تمام امور پر نظر رکھے گی