سرگودھا :میٹرک 2018میںامتحانی ڈیوٹی سے انکار

376اساتذہ و نان ٹیچنگ سٹاف کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کا فیصلہ

جمعہ 11 مئی 2018 20:34

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء)میٹرک 2018میںامتحانی ڈیوٹی سے انکار کرنیوالی376اساتذہ و نان ٹیچنگ سٹاف کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کا فیصلہ، کمشنر سرگودھا ڈویژن نے چھان بین کی رپورٹ سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو احکامات جاری کر دیئے ، ذرائع کے مطابق امسال میٹرک کے امتحانات میں اساتذہ اور نان ٹیچنگ سٹاف کی ایک بڑی تعداد کا ڈیوٹی سے انکار کرکے غیر حاضر ہونے کے انکشاف پر مبنی کنٹرولر ثانوی تعلیمی بورڈ کی رپورٹ صوبائی و ڈویژنل حکام کو ارسال کی گئی ہے جس میں ان کے کوائف کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا کہ کل تعداد لگ بھگ376ہے ، ان میں خواتین اساتذہ بھی شامل ہیں، سخت احکامات کے باوجود انہوںنے فرائض سے سنگین کوتاہی برتی ،یہ بھی کہا گیا کہ سی ای او ایجوکیشن عملدرآمد میں بری طرح ناکام رہے اور متعلقہ سکول سربراہان بھی وارننگ کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے کے ذمہ دارقرار دیئے گئے جس پر کمشنر سرگودھا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ ذمہ داروںکے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے ۔