ووٹر صرف ووٹ دے سکتا ہے، ووٹ کے تقدس کو یقینی بنانا لیڈر کا کام ہے

لیڈر کا کام رونا دھونا نہیں بلکہ ہمارے حق کیلئے لڑنا ہوتا ہے، لیکن یہاں لیڈروں کے اپنے رولے ختم نہیں ہوتے: ن لیگ کے ایم این اے شیخ وقاص اکرم کی اپنی قیادت پر تنقید

muhammad ali محمد علی جمعہ مئی 19:15

ووٹر صرف ووٹ دے سکتا ہے، ووٹ کے تقدس کو یقینی بنانا لیڈر کا کام ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) ایم این اے شیخ وقاص اکرم کی جانب سے اپنی جماعت کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے ایم این اے شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جمعہ کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا گیا۔ شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام نے خاصی ہلچل مچائی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان ایک نئی بحث کو چھیڑ دیا۔

اپنے پیغام میں ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم نے بالواسطہ اپنی ہی جماعت کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔ شیخ وقاص اکرم نے اپنی قیادت کی جانب سے چلائی جانے والی ووٹ کے تقدس کی مہم کا بھرپور انداز میں پوسٹ مارٹم کیا۔ ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ ووٹر صرف ووٹ دے سکتا ہے جبکہ ووٹ کے تقدس کو یقینی بنانا لیڈر کا کام ہے۔

(جاری ہے)

شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ لیڈر کا کام رونا دھونا نہیں ہوتا۔ لیڈر کا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ ہمارے حق کیلئے لڑے۔ شیخ وقاص اکرم کا مزید کہنا ہے کہ ووٹر اور ووٹ کے تقدس کیلئے لڑنے کی بجائے لیکن یہاں لیڈروں کے اپنے رولے ختم نہیں ہوتے۔ شیخ وقاص اکرم کا مزید کہنا ہے کہ لیڈروں کے یہ رولے عوام کی وجہ سے نہیں ہوتے۔ لیڈروں کے یہ رولے ان کی اپنی وجہ سے ہیں۔

لیکن لیڈر اپنے رولے ختم کرنے کیلئے بندوق ہمارے کندھے پر کیوں رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ شیخ وقاص اکرم ماضی میں اپنے ایک بیان میں کہہ چکے ہیں ووٹ سے پہلے ووٹر کو تقدس دیے جانے کی ضرورت ہے۔ شیخ وقاص اکرم کے ان بیانات کے حوالے سے سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے کہ رکن قومی اسمبلی اب ن لیگ سے راہیں جدا کرنے کی تیاریاں مکمل کر چکے ہیں۔ ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم 2013 کے عام انتخابات میں حکمراں جماعت کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔ تاہم ماضی میں وہ مسلم لیگ ق کا حصہ رہ چکے ہیں اور 2008 میں بھی رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اب امکان ظاہر کیا جا رہے کہ شیخ وقاص اکرم ممکنہ طور پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لیں گے۔