پیپلزپارٹی کے جلسہ عام میں محنت کش عوام بھر پور شرکت کریں گے،پیپلز لیبر بیورو

جمعہ 11 مئی 2018 21:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) پیپلز لیبر بیورو آرگنائزنگ کمیٹی سے ملحقہ ٹریڈ یونین تنظیموں کے مشترکہ اجلاس عام میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے ہفتہ کے روز منعقد کئے جانے والے جلسہ عام میں محنت کش عوام بھر پور شرکت کریں گے۔اجلاس عام،آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر حبیب الدین جنیدی کی صدارت میںپیپلز سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں مزدور رہنماؤں لیاقت علی خان مگسی ،اسلم سمّوں ،رحمت اللہ سرکی،محسن رضا،امین بلوچ،حمید اللہ،منظور ملاح،عارف تنولی،سلیم سومرو،ظمیر چانڈیو،اسمعیل بلوچ،وحید خان،سیّد نصرت شاہ،نسیم خان،عظیم خان،جمیل شاہ،مصطفی ہاشمانی ،یعقوب شیخ،اشفاق اعوان ،مداح حسین شاہ ،زبیر خان اور مختلف صنعتی و تجارتی اداروں پی آئی اے، اسٹیل ملز،کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ،سوئی سدرن گیس کمپنی،کے پی ٹی،پورٹ قاسم اتھارٹی ،پاکستان ریلویز، بینکنگ انڈسٹری،پاکستان مشین ٹول فیکٹری اور دیگر پرائیوٹ اداروں سے تعلق رکھنے والی مزدور تنظیموں کے قائدین نے شرکت اور خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مزدور رہنماؤں نے اپنی تقاریر میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی وہ واحد جماعت ہے کہ جس نے ہمیشہ اور ہر آزمائش کے موقع پر محنت کشوں کا ساتھ دیا اور اُن کے حقوق کے تحفظ کے لئے پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ قانون سازی کی ،اُنہیں روزگار فراہم کیا اور اُس کا تحفظ بھی کیاہے۔مزدور رہنماؤں نے کراچی کے محنت کش عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے نوجوان سیاسی قائد بلاول بھٹو کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کے ذریعہ مزدور اور عوام دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنائیں۔