جمہوری حکومت ہی ملک کو چیلنجز سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے،شاہد خاقان عباسی

ملک کی ترقی کے لیے جمہوری نظام کا تسلسل ضروری ہے ۔امید ہے کہ نئی آنے والی جمہوری حکومت بھی عوام کے مسائل حل کرے گی،وزیراعظم پاکستان کی ترقی کراچی سے جڑی ہے ۔شہر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہرممکن تعاون کرے گی، این ای ڈی یونیورسٹی میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعہ 11 مئی 2018 21:24

جمہوری حکومت ہی ملک کو چیلنجز سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے،شاہد خاقان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت ہی ملک کو چیلنجز سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ملک کی ترقی کے لیے جمہوری نظام کا تسلسل ضروری ہے ۔امید ہے کہ نئی آنے والی جمہوری حکومت بھی عوام کے مسائل حل کرے گی ۔پاکستان کی ترقی کراچی سے جڑی ہے ۔شہر کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہرممکن تعاون کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے این ای ڈی یونیورسٹی میں نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر ،وفاقی وزرا انوشہ رحمن ،مفتاح اسماعیل ،میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر بھی موجود تھے ۔وزیراعظم نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی سے میری پرانی یادیں وابستہ ہیں ۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی میں انکیوبیشن سینٹر کے افتتاح سے مجھے بہت خوشی ہورہی ہے ۔

ہر ہفتے نئے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کررہا ہوں ۔پاکستان کی ترقی کراچی سے جڑی ہے ۔کراچی پرامن ہوگا تو پاکستان پرامن ہوگا ۔موجودہ وفاقی حکومت نے کراچی کی روشنیوں کو بحال کیا ۔کراچی آپریشن کے بعد شہر میں امن قائم ہوا ہے اور اسٹریٹ کرائم میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود وفاقی حکومت نے بہت سے ترقیاتی کام کروائے ہیں ۔

اگر ملک میں جمہوری حکومت نہ ہوتی تو اتنے ترقیاتی کام نہیں ہوسکتے تھے ۔ملک کی ترقی کے لیے جمہوری نظام ضروری ہے ۔ہم نے ثابت کیا کہ جمہوری حکومت ہی ملک کو چیلنجز سے نکالنے کی اہلیت رکھتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجودہ دور میں ہمیں بہت مشکلات بھی پیش آئیں اور ہم نے بہت مشکل فیصلے کیے لیکن ہمارا ہدف یہی تھا کہ پاکستان ترقی کرے ۔ملک کی معیشت مضبوط ہو ۔

انہوںنے کہا کہ ہم نے پانچ سال میں توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے کئی منصوبے لگائے ہیں جس سے توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملی ہے ۔ہم ٹیکس نظام میں بھی اصلاحات کررہے ہیں ۔حکومت کی تاجر دوست پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری کو فروغ مل رہا ہے ۔بزنس کمیونٹی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرے حکومت ان کو مزید مراعات اور سہولیات دے گی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام سے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں اور امید ہے کہ آنے والی نئی جمہوری حکومت بھی مسائل کو حل کرے گی۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی تعریف کی اور کہا کہ ان کا تعلق کراچی کی میمن برادری سے ہے ۔ایک میمن نے نئے مالی سال کا بجٹ پیش کیا ہے جو بہت اچھا بجٹ ہے ۔وزیراعظم کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ کی تعریف پر شرکاء نے تالیاں بجاکر اس کا خیرمقدم کیا ۔

وزیراعظم نے میئر کراچی وسیم اختر کی بھی تعریف کی ۔انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔انہوںنے کہا کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مزید آئی ٹی پارکس قائم کیے جائیں گے ۔انہوںنے انکیوبیشن سینٹر کے قیام پر وفاقی وزیر آئی ٹی انوشہ رحمن اور این ای ڈی یونیورسٹی کا بھی خیر مقدم کیا ۔