الیکٹرانکس کی اشیاء بنانیوالی فیکٹری میں آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں مالیت کا سامان ،گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں

فائر بریگیڈکی 15گاڑیاں ،درجنوں فائر فائٹرز گھنٹوں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہے ،ڈی سی بھی موقع پر موجود رہے

جمعہ 11 مئی 2018 21:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2018ء) ملتان روڈ پر واقع الیکٹرانکس کی اشیاء بنانے والی فیکٹری کے پروڈکشن یونٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان اور گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں ،فائر بریگیڈکی 15گاڑیاں اور درجنوں فائر فائٹرز گھنٹوں آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف رہے ۔تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر الیکٹرانکس کی اشیاء بنانے والی ویوز فیکٹری کے پروڈکشن یونٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور سیاہ دھوئیں کے بادل اٹھنا شروع ہو گئے ۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122،فائر بریگیڈز کی گاڑیاں اور ایمبو لینسز موقع پر پہنچ گئیں ۔امدادی کارکنوں نے کئی مقامات سے فیکٹری کی دیواریں توڑ کر پانی اندر پھینکا گیا جبکہ اسنارکلز کے ذریعے اوپر سے بھی پانی پھینکا جاتا رہا ۔

(جاری ہے)

بتایاگیا ہے کہ پروڈکشن یونٹ میں تھرمول پول شیٹس موجود ہونے کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا ۔ آتشزدگی سے پروڈکشن یونٹ میں پڑا کروڑوں روپے مالیت کا سامان اور گاڑیاں جل کر خاکستر ہو گئیں ۔فیکٹری گارڈ کا کہنا ہے جب آگ لگی تب فیکٹر ی کے اندرویلڈنگ کا کام جاری تھا۔اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید اور دیگر افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کیلئے جاری آپریشن کی نگرانی کی ۔