کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری اشد ضروری ہے، گورنر سندھ

جمعہ 11 مئی 2018 21:56

کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری اشد ضروری ہے، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) گورنر سندھ محمدزبیر نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے باعث کراچی میں سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، مختلف غیر ملکی کمپنیاں اپنے کاروبار میں توسیع اور نئے یونٹس لگانے کے لئے اقدامات کررہی ہیں۔ حکومت ہالینڈ کے سرمایہ کاروں کو بھی اس ضمن میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ہالینڈ کی سفیر Ms. Ardi Stoios-Braken سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقا ت میں دو طرفہ تعلقات ، پاک ہالینڈ مشترکہ سرمایہ کاری ، خطہ کی سیاسی صورتحال سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ہالینڈ دو طرفہ تعلقات کئی برسوں پر مشتمل ہیں جو وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو ر ہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو چکی ہے جس کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کم اجرت ہیومن ریسورس کی دستیابی سرمایہ کاروں کے لئے اسے ایک آئیڈیل شہر بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی ا ستعداد بے پناہ ہے ضرورت اس امر کی ہے ہالینڈ کے سرمایہ کار بھی اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے منصوبوں سے پاکستان میں تعمیر و ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے، یہ منصوبہ دو ممالک کے مابین تعاون کی غیر معمولی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ دیگر ممالک بھی اس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ونڈ انرجی کے شعبہ میں ہالینڈ کے وسیع تجربہ سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے ہالینڈ کے سرمایہ کاروں کو اس شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات میں ہالینڈ کی سفیر Ms. Ardi Stoios-Braken نے کہا کہ ہالینڈ کے سرمایہ کار زراعت ، انرجی سیکٹر ، انفرااسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان ہالینڈ کے مفاد میں ہے۔