ٹھٹھہ،پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں پانی کے شدید بحران کے خلاف احتجاج

جمعہ 11 مئی 2018 22:09

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ میں پانی کے شدید بحران کے خلاف احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی ٹھٹھہ کی جانب سے سندھ میں پانی کے شدید بحران کے خلاف ضلعی صدر صادق علی میمن، جنرل سکریٹری امتیاز قریشی، سکریٹری اطلاعات سید محمود عالم شاہ، چیرمین ضلع کونسل غلام قادر پلیجو، سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عبدالواحد سومرو اور بھورو سرکی کی قیادت میں پارٹی کے ضلعی دفتر سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم، بینر اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، ریلی قومی شاہراہ سے ہوتے ہوئے پریس کلب ٹھٹھہ پہنچی، پریس کلب کے مقام پر ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر صادق علی میمن، غلام قادر پلیجو، امتیاز قریشی اور محمود عالم شاہ و دیگر نے کہا کہ وفاق کی جانب سے سندھ کے عوام سے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کا بدلہ لیتے ہوئے سندھ میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کیا گیا ہے، ارسا کی جانب سے سندھ کے حصے کا پانی روک کر پنجاب کے کینالوں میں پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس سے ٹیل میں واقع ضلع ٹھٹھہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، اگر کینجھر جھیل ٹھٹھہ میں واقع نہ ہوتا تو لوگوں کا کیا حال ہوتا اس کا ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ اور خصوصاً زیریں سندھ کے اضلاع میں پانی کی شدید قلت کے باعث پینے کا پانی ناپید ہوگیا ہے، لوگ بوند بوند کو ترس رہے ہیں، پانی کے بحران کے باعث زراعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، ہزاروں ایکڑ ایراضی پر پھیلی ہوئی قیمتی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں اور چاول سمیت خریف کی دیگر فصلوں کی بوائی میں بھی تاخیر ہو رہی ہے جس کے باعث غذائی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کا مصنوعی بحران فوری طور پر ختم کیا جائے بصورت دیگر پیپلز پارٹی کے جیالے سڑکوں پر نکل آئیں گے۔