ملک کی ترقی کیلئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود موجودہ حکومت نے بہت سے ترقیاتی کام کئے، کراچی میں امن کی بحالی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، عوامی نمائندوں اور حکومتوں کی کارکردگی کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کے پاس ہونا چاہئے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا این ای ڈی یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں نیشنل انکیوبیشن سنٹر کی افتتاحی تقریب خطاب

جمعہ 11 مئی 2018 22:12

ملک کی ترقی کیلئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے جمہوریت کا تسلسل ناگزیر ہے، تمام تر مشکلات کے باوجود موجودہ حکومت نے بہت سے ترقیاتی کام کئے، کراچی میں امن کی بحالی ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے، اپنے نمائندے منتخب کرنے کا اختیار پاکستان کے عوام کو حاصل ہونا چاہئے۔ وہ جمعہ کو کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی میں نیشنل انکیوبیشن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، میئر کراچی وسیم اختر سمیت بڑی تعداد میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں نیشنل انکیوبیشن سنٹر کا افتتاح کر کے خوشی ہوئی ہے، اس یونیورسٹی سے میری بڑی یادیں وابستہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کراچی خوشحال، پرامن اور ترقی کرے گا توپاکستان خوشحال پرامن اور ترقی کے راستے پر گامزن ہو گا۔ پورے پاکستان سے لوگ روزگار کے سلسلے میں کراچی آتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے کراچی میں زندگی کی رونقیں بحال کیں اس کی روشنیاں بحال کیں۔ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کابینہ کا اجلاس کراچی میں بلا کر کراچی کو جرائم سے پاک کرنے کا عزم کیا، صوبائی حکومت اور ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا۔

کراچی آپریشن کے بعد جرائم کی شرح کم ہوئی، روشنیاں بحال ہوئیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ خوشی ہے کہ ہر ہفتے ایک منصوبے کا افتتاح کر رہے ہیں، اگر ملک میں جمہوری حکومت نہ ہوتی تو ملک اتنی ترقی نہ کرتا، ثابت کیا کہ جمہوری حکومت ہی ملک کو چیلنجوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔

تمام تر مشکلات کے باوجود موجودہ حکومت نے بہت سے ترقیاتی کام کئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے نئے آئی ٹی پارکس بنائے جائیں گے، ہم نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران بجلی کے کئی نئے منصوبے لگائے، انفراسٹرکچر شاہراہوں، ایئر پورٹس سمیت دیگر منصوبے نہ صرف شروع بلکہ مکمل کئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمہوریت کی خامیاں جمہوریت سے ہی دور ہو سکتی ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل آئندہ عام انتخابات میں کراچی سے حصہ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر قسم کے نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، موجودہ حالات میں فیصلے کرنا مشکل ہو گئے ہیں، عوامی نمائندوں اور حکومتوں کی کارکردگی کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کے پاس ہونا چاہئے۔