حافظ آباد،ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید کا پاسکو خریداری مراکز اقبال نگر اور سولنگی اعوان کے اچانک دورے ، کا شت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کو یقین دہانی کرائی

جمعہ 11 مئی 2018 22:13

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے پاسکو خریداری مراکز اقبال نگر اور سولنگی اعوان کے اچانک دورے کے دوران کا شت کاروں اور چھوٹے زمینداروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اُن کے مفاد کا ہر صورت تحفظ کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مقررہ ٹارگٹ کے مطابق شفاف قرعہ اندازی کے بعد اہل زمینداروں کو باردانہ کی منصفانہ تقسیم پاسکو کی بنیادی ذمہ داری ہے جسمیں کوئی کوتاہی اور من مرضی برداشت نہیں کی جائیگی۔

انہوں نے دونوں مراکز خریداری پر موجود محکمہ مال اور دیگر محکموں کے اہم کاروں کو ہدایت کی کہ وہ گندم لیکر آنے والے زمینداروں کو ہر ممکن سہولت اور رہنمائی فراہم کریں۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز پاسکو اور محکمہ خوراک کے خریداری مراکز کے مسلسل دورے کر رہے ہیںجس کا مقصد کاشت کاروں کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور اس سلسلہ میں کمپلیکس کے اندر واقع دفاتر کے انچارج افسران اپنے دفاتر اور انکے ارد گرد کی صفائی ستھرائی کے ذمہ دار ہونگے۔انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) فخر السلام ڈوگر کو ہدایت کی کہ وہ تمام محکموں کے بیلداروں ،مالیوں اور سینٹری ورکروں کی ٹیمیں بنا کر کمپلیکس کی صفائی شروع کرائیں جبکہ کمپلیکس کے اندر لگے سیکورٹی کیمریوں کو مکمل طور پر فنکشنل بنایا جائے تاکہ آنے اور جانے والوں پر چیک رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگلہ ہفتہ سے وہ مختلف دفاتر کا اچانک دورہ کرنا شروع کریں گی جس کے دوران وہ دفاتر کی صفائی اور عملہ کی حاضری چیک کریں گی اور جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی اور انپر عمل درآمد میں تساہل کا نوٹس لیں گی۔

متعلقہ عنوان :