ڈی آئی خان کے علاقہ یارک میں مسلح افرادکی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

جمعہ مئی 22:23

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) علاقہ یارک میں قتل مقاتلہ کی دشمنی میں مسلح ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے مخالف بال بال بچ گیا تاہم فائرنگ کی زد میں آکر ایک ساتھی جاں بحق دوسرا شدید زخمی ہوگیا ،،پولیس نے تعاقب کے دوران ملزمان کو آلہ قتل اور موٹرسائیکل سمیت گرفتار کرلیا،،پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق یوسف نامی شخص علاقہ یارک میں غنی احمد کی بیٹھک میں موجود تھا کہ اس دوران اس کے مخالف مسلح ملزمان موٹرسائیکل پروہاں آئے اور بیٹھک میں داخل ہوکر اپنے مخالف یوسف پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔ مخالف محمد یوسف بال بال بچ گیا لیکن اسے بچانے کے دوران وہاں موجود 52 سالہ امان اللہ ولد غلام قاسم قوم چھینہ سکنہ یارک فائرنگ سے موقع پر جاں بحق جبکہ 35 سالہ عنایت اللہ ولد نور زمان قوم کنیری سکنہ یارک شدید زخمی ہوگیا ۔

(جاری ہے)

ملزمان ارتکاب جرم کے بعد موٹرسائیکل پر وہاں سے فرارہوگئے ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری موقع پر پہنچ گئی اور تعاقب کے دوران ملزمان کو منیر احمد اور محمد رمضان پسران محمد عثمان اقوام کلیرا ساکنا ن پیل بڈ ھ کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے آلہ قتل دو پسٹل اور ورادات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل رجسٹریشن نمبر BKB4410 برآمد کرلی ۔۔پولیس نے زخمی عنایت اللہ کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔وجہ عدوات محمد یوسف اور ملزمان کے درمیان قتل مقاتلہ کی دشمنی بیان کی گئی ۔