رمضان میںصوابی سمیت صوبہ بھر میں بلاتعطل بجلی کی ترسیل کوممکن بنایا جائے،سپیکراسدقیصرکی ہدایت

جمعہ 11 مئی 2018 22:23

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصرنے پیسکو چیف کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام کے تقدس کے پیش نظر صوابی سمیت صوبہ بھر میں بلاتعطل بجلی کی ترسیل کوممکن بنایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں واپڈا حکام عوام کو درپیش تکالیف کو مدنظر رکھتے ہوئے کم سے کم لوڈ شیڈنگ کرنے کی پالیسی پر عمل درآمد کریں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیسکو چیف انجینئر ذکاء اللہ خان کے ساتھ سپیکر چیمبر پشاور میں بات چیت کے دوران کیا ۔اس موقع پر پیسکو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ،ڈائر یکٹر مٹیریل ،پی ایس ٹو سپیکر عابدابرار اوردیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ صوابی میں بجلی کی ترسیل کو بہتربنانے کیلئے مٹیریل جلد ازجلد فراہم کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سپیکر نے ہدایت کی کہ ٹھنڈکوئی اور مانکی فیڈر زکو جلد ازجلد چالو کیا جائے نیز یوسف زئی (زروبی )فیڈر پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ عوام کو رمضان سے پہلے بجلی کی مد میں سہولت کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔سپیکر نے مزیدکہا کہ صوابی میں جہاں کہیں بجلی کے کھمبوںتاروں کی ضرورت ہے دس روزکے اندر اندر وہاں مذکورہ سامان پہنچایا جائے تاکہ رمضان کی آمد تک بجلی کے نظام میں خاطر خواہ بہتری آسکے ۔سپیکر نے اس موقع پر خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ رمضان میں عمومی اور سحر وافطار کے اوقات میں خصوصی طور پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو بجلی کی مد میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

متعلقہ عنوان :