Live Updates

کے پی کا ہر چوتھا بچہ سکول جانے سے محروم ہے، عمران نیازی کے نئے پاکستان کا بھانڈا پھوڑنے کے لئے کافی ہے، سینیٹر بہرہ مند خان تنگی

عمران نیازی نیا پاکستان تو نہیں بنا سکے بلکہ لوٹوں اور سیاسی خانہ بدوشوں پر مشتمل نئی پی ٹی آئی ضرور بنائی ہے،بیان

جمعہ 11 مئی 2018 23:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا ہے کہ کے پی میں محکمہ تعلیم کی رپورٹ جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے کا ہر چوتھا بچہ سکول جانے سے محروم ہے، عمران نیازی کے نئے پاکستان کا بھانڈا پھوڑنے کے لئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نیا پاکستان تو نہیں بنا سکے بلکہ لوٹوں اور سیاسی خانہ بدوشوں پر مشتمل نئی پی ٹی آئی ضرور بنائی ہے۔

سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ صوبے میں مزید 9000اسکول تعمیر کرنے کی ضرورت ہے جس کو پرویز خٹک نے نظرانداز کردیا کیونکہ پرویز خٹک کی بنیادی ترجیحات صوبے کی دولت چوری کرکے بنی گالہ پہنچانا ہے۔ سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام مسلم لیگ(ن) کا احتساب کریں گے جبکہ عمران نیازی کا احتساب پی ٹی آئی کے پرانے کارکن کریں گے جن کو عمران نیازی نے جہانگیر ترین کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر بہرہ مند خان تنگی نے کہا کہ نیازی اور خٹک نے پختونخوا صوبے کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیازی اور خٹک کو معلوم ہے کہ پختونخوا کے عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے اس لئے عمران نیازی نے پنجاب کا رخ اختیار کیا ہے اور لوٹے اکٹھے کر رہا ہے مگر وہاں بھی عمران نیازی کو ناکامی اور شکست کا سامنا کرنا ہوگا۔ن
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات