پاکستان نے ہجرت کرنے والے پرندوں کو درپیش خطرات پر قابو پانے کا پختہ عزم کررکھا ہے،

جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار اور تجارت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا وفاقی وزیر سینیٹر مشاہد اللہ خان کا ہجرت کرنے والے پرندوں کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جمعہ 11 مئی 2018 23:21

پاکستان نے ہجرت کرنے والے پرندوں کو درپیش خطرات پر قابو پانے کا پختہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے جنگلی پرندوں کی غیر قانونی تجارت، شکار اور غیر قانونی طورپر ہلاک کرنے کو ذرا بھر بھی برداشت نہ کرنے کا پختہ عزم کررکھا ہے۔ انہوں نے یہ بات ہجرت کرنے والے پرندوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس دن کے منانے کا مقصد ہی ہجرت کرنے والے پرندوں کے تحفظ کی ضرورت اور اہمیت اور ان پرندوں کی آماجگاہوں کو بچانے بارے آگاہی مہم چلانا ہے اور اس مہم کا مقصد ہجرت کرنے والے پرندوں کو درپیش خطرات کم کرنا اور ان کی ماحولیاتی اہمیت اور ان کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی تعاون کی ضرورت بارے آگاہی پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ہجرت کرنے والے پرندوں کے دن کا مرکزی موضوع پرندوں کے تحفظ کے بارے میں آوازوں کو یکجاکرنا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ اس دن کے موقع پر پرندوں کی نمائش، آگاہی پروگرامز اور پرندوں بارے فیسٹیولز منعقد ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دُنیا کے مختلف ممالک میں منعقدہ تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کی بدولت دُنیا بھر میں پرندوں کے تحفظ کی متحدہ آواز اُٹھائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرندوں کے لیے موسم کی سختیاں برداشت کرتے ہوئے ہجرت کرنا آسان نہیں ہوتا انہیں غیر قانونی طورپر شکار یا ہلاک کیے جانے کا خطرہ درپیش ہوتا ہے اور وہ آلودگی اور آندھی کے بگولوں اور طوفانوں اور گردابوں کی زد میں رہتے ہیں۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ پاکستان نے ہجرت کرنے والے پرندوں کو درپیش خطرات پر قابو پانے کا پختہ عزم کررکھا ہے اور پاکستان ہجرت کرنیوالے پرندوں کے تحفظ بارے قومی، بین الاقوامی معاہدوں اور عہدناموں پر عمل درآمد کرنے کے لیے پُر عزم ہے۔اسی لیے جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار اور غیر قانونی تجارت کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت اس ضمن میں تمام متعلقہ بنائے گئے قوانین اور عدالتی کارروائیوں پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی اور ہجرت کرنے والے پرندوں کی ہلاکتوں کی روک تھام کے لیے رویہ جاتی تبدیلیوں کیلئے تمام شراکت داروں اور مقامی کمیونٹیز کو مصروف عمل کرے گی۔

متعلقہ عنوان :