آئی جی سندھ کی ڈاکٹرفاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن اور مصطفی کمال سے سکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی تردید

ارکان اسمبلی کو بیرون ملک سے بھتہ کے لئے کالز پر حساس اداروں سے رابطہ کر لیا ہے، اے ڈی خواجہ

جمعہ 11 مئی 2018 23:22

آئی جی سندھ کی ڈاکٹرفاروق ستار،خواجہ اظہار الحسن اور مصطفی کمال سے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنمائوں ڈاکٹرفاروق ستار، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخواجہ اظہار الحسن اور پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال سے سکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ ارکان اسمبلی کو بیرون ملک سے بھتے کی کالز پر حساس اداروں سے رابطہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں فارنزک تفتیش کے حوالے سے کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی خواجہ نے ایم کیوایم رہنمائوں سے سیکورٹی واپس لینے کے تاثر کو غلط قرار دیا۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے کہاکہ فاروق ستار ، خواجہ اظہارالحسن اور مصطفی کمال کو مکمل سیکیورٹی دی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ارکان اسمبلی کو بیرون ملک سے بھتہ کے لئے جو کالیں آرہی ہیں اس کے لئے انہوں نے حساس اداروں سے رابطہ کر لیا ہے۔آئی جی سندھ نے بتایا کہ رمضان المبارک میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس فورس میں3 ہزار اہلکاروں کا اضافہ کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب میں مقررین نے کہاکہ یہ کتاب فارنزک تفتیش کے لئے اقدامات کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔