پی آئی اے نے عوام کیلئے "5 گھنٹے قبل اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچیں" کا ہدایت نامہ واپس لے لیا

قومی ائیرلائن کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے ہدایت نامے کے بعد عوام کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا تھا

muhammad ali محمد علی جمعہ 11 مئی 2018 21:23

پی آئی اے نے عوام کیلئے "5 گھنٹے قبل اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچیں" کا ہدایت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 مئی 2018ء) پی آئی اے نے عوام کیلئے "5 گھنٹے قبل اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچیں" کا ہدایت نامہ واپس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 سال کے انتظار کے بعد نئے ائیرپورٹ کے افتتاح کر دیا گیا تھا۔ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کا افتتاح وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کیا تھا۔

ائیرپورٹ اسلام آباد کے علاقے فتح جھنگ میں تعمیر کیا گیا ہے جس پر 100 ارب روپے کے قریب کی لاگت آئی ہے۔ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کو گزشتہ برس اگست میں ہی فعال کردیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ تاہم اعلان پر عملدرآمد نہیں ہو سکا تھا۔ اس کے بعد کئی مرتبہ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کا افتتاح موخر کیا گیا۔ تاہم بالآخر گزشتہ ہفتے ائیرپورٹ کا افتتاح کر ہی دیا گیا۔

(جاری ہے)

نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کو پاکستان کا جدید ترین اور سب سے بڑا ائیرپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ تاہم افتتاح کے بعد ائیرپورٹ کے حوالے سے کئی سنگین مسائل سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ چونکہ موجودہ حکومت ختم ہونے میں محض چند ہفتے باقی ہیں، اس لیے وفاقی حکومت نے سیاسی کریڈٹ کے حصول کی لالچ اور جلد بازی میں منصوبے کا افتتاح کردیا۔

سیاسی کریڈٹ کے حصول کی لالچ میں نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کے قبل از وقت افتتاح نے کئی سنگین مسائل کو جنم دے دیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت کے نئے تعمیر شدہ ائیرپورٹ میں عوام کو اب بھی کئی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔ نئے اسلام آباد ائیرپورٹ کیلئے تعمیر کی جانے والی میٹرو بس بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکی۔ نیا تعمیر شدہ ائیرپورٹ اسلام آباد شہر کے مرکز سے کافی دوری پر واقع ہے۔

اسی باعث لوگوں کو سفری سہولیات کی غیر موجودگی کے باعث اسلام آباد ائیرپورٹ تک پہنچنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ اس تمام صورتحال میں پی آئی اے نتظامیہ نے بھی گزشتہ روز انوکھا ہدایت نامہ جاری کیا تھا۔ قومی ائیرلائن کی جانب سے گزشتہ روز جاری کیے گئے ہدایت نامے میں عوام کو تلقین کی گئی تھی کہ وہ اپنی پروازوں کی روانگی سے 5 گھنٹے قبل ہی ائیرپورٹ پہنچیں۔ پی آئی آے کے اس ہدایت نامے پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا۔ عوام کی جانب سے کی جانے والی شدید تنقید کے بعد اب پی آئی اے نے ایک روز بعد ہی اپنا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ جبکہ پی آئی اے انتظامیہ نے ایسا ہدایت نامہ جاری کرنے پر عوام سے معذرت بھی کی ہے۔