ملتان بنچ سے تبدیل ہونے والے جج صاحبان کے اعزاز میں الوداعی تقریب

جمعہ 11 مئی 2018 23:26

ملتان۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) جسٹس کاظم رضا شمسی نے کہا ہے کہ ملتان بنچ میں کئی دہائیوں سے زیرالتواء مقدمات کو نمٹانے کیلئے بھرپور کاوشیں کررہے ہیں جس میں سوفیصد کامیابی وکلاء کے تعاون سے ہی حاصل کی جاسکتی ہے۔یہ بات انہوں نے ملتان بنچ سے تبدیل ہونے والے جسٹس عبادالرحمن لودھی اور جسٹس علی باقر نجفی کے اعزاز میں ہائی کورٹ بار کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ 1994ء سے مختلف مقدمات آج تک زیرالتواء چلے آرہے تھے حتی کہ ایک سال سے زائد عرصہ سے اعتراضی مقدمات بھی دفتر میں بوجھ بنتے جارہے تھے جنہیں اول اہمیت دے کر نمٹادیاگیاہے۔تقریب سے جسٹس عبادالرحمن لودھی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کئی سالوں سے زیرالتواء مفادعامہ کے مقدمات نمٹانے کیلئے بھرپور کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وکلاء کویقین دلایا کہ نہ صرف ملتان بنچ کے سینئر جج کے ذریعے بلکہ وہ خود چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے تحریری طورپر مطالبہ کرکے لودھراں اور ساہیوال بارز کو ملتان بنچ سے علیحدہ کرنے کے عارضی فیصلے کوختم کرنے کامطالبہ کریں گے۔

تقریب سے خالد اشرف خان نے بھی خطاب کیا جبکہ جسٹس علی باقر نجفی،جسٹس مزمل اختر شبیر کے علاوہ دیگر ججز صاحبان ،ملتان بارز کے عہدیداران اورسینئر وکلاء نے بھی تقریب میں شرکت کی۔