گندم کا مقررہ ہدف پورا ہونے تک خریداری کا عمل جاری رکھا جائے گا، ڈپٹی کمشنر

جمعہ 11 مئی 2018 23:28

ملتان۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان زاہد سہیل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے گندم کا مقررہ ہدف پورا ہونے تک خریداری کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ گرداوری فہرستوں میں رہ جانے والے کاشتکاروں کو اگلے مرحلے میں ریونیو ریکارڈ کے مطابق باردانہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری مراکز پر باردانہ کی تقسیم اور گندم کے وزن کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمر ے نصب کئے گئے ہیں تاکہ بدعنوانی کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز علی الصبح گندم خریداری مراکز کے اچانک دورے کے موقع پر کاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر کاشف ڈوگر اور محکمہ خوراک کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر زاہد سہیل نے کہا کہ کاشتکاروں کو سایہ دار جگہوں کی فراہمی اور ٹرالیوں کی پارکنگ کی مثالی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

محکمہ خوراک کے عملے کو سختی سے پابند کیا گیا ہے کہ کاشتکاروں کی گندم سنٹر تک آنے کے بعد معاوضے کی ادائیگی کے عمل کو شفاف بنا یا جائے ،بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی کے تمام 17گندم خریداری مراکز پر باردانہ 90فیصد سے زائد تقسیم کیا جاچکا ہے۔ گندم سنٹرز پر آنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کو ٹوکن سسٹم کے تحت ترجیحی بنیادوں پر ڈیل کیا جائے گا۔زاہد سہیل نے کسانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت کا معاوضہ فوری ملنا ہی حکومت پنجاب کے نظام کی کامیابی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمے کسانوں کو ریلیف دینے کے لئے تمام سنٹرز کی براہ راست نگرانی کررہے ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔