پشاور کے علاقے بلال ٹاؤن کے ہوٹل میں ہونے والے گیس لیکج دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے

جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں

جمعہ 11 مئی 2018 23:37

ْپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) پشاور کے علاقے بلال ٹاؤن کے ہوٹل میں ہونے والے گیس لیکج دھماکے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پشاور میں جی ٹی روڈ پر واقع ہوٹل میں صبح کے وقت زوردار دھماکے سے 7 افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے جن میں سے 5 زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے جبکہ دیگر 2 کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جاں بحق ہونے والوں کا تعلق ہنگو سے بتایا گیا ہے جن میں فیملی کے سربراہ کامران کی والدہ، بیوی، کمسن بیٹا، بھتیجا اور بھائی مہران جاں بحق ہو گئے جبکہ کامران اور بھائی بلال زخمی ہوئے۔

دھماکہ ہوٹل کی چوتھی منزل کے کمرہ نمبر 408 میں گیس لیکج کے باعث ہوا جس کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کمرے کے دروازے کھڑکیاں دور جا کر گرے اور آگ بھڑک اٹھی، ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی 6 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو، فائر بریگیڈ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ہوٹل میں مقیم ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ وہ حواس باختہ ہو گیا۔