ضلع چاغی کے علاقے سیندک میں خسرہ کی وباء پھیلنے سے درجنوں بچے متاثر

محکمہ صحت خاموش تماشائی بن گیا ، اہل علاقہ کاسیکرٹری ہیلتھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

جمعہ 11 مئی 2018 23:44

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء)ضلع چاغی کے علاقے سیندک میں خسرہ کی وباء پھیلنے سے درجنوں بچے متاثر ہوگئے جس کی وجہ سے اہل علاقہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ سیندک کی مقامی ذرائع کے مطابق سیندک اور آس پاس کی قریبی علاقوں میں خسرے کی وباء دوبارہ سرائیت کررہی ہے جس کی وجہ سے ہر محلے میں چار سے پانچ بچے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ یہ وباء تیزی سے پھیل رہی ہے جو جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اب تک 30 کے لگ بھگ بچے خسرے سے متاثر ہوچکے ہیں لیکن محکمہ صحت کی جانب سے ان کے علاقے میں کسی قسم کی ویکسینیشن نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے اس وباء کے وسیع بنیادوں پر پھیلائو کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ اہل علاقہ نے سیکرٹری صحت، ڈی جی صحت، ڈی سی چاغی اور ڈی ایچ او چاغی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سیندک و گرد و نواح میں خسرہ سے بچائو کی ویکسینیشن مہم شروع کریں تاکہ اس وباء کو مزید پھیلنے سے روک کر بچوں کی زندگیاں بچائی جائیں۔