حافظ محمد سعید کی کال پر اسلام آباد میں بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے کشمیریوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی دنیا کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا نوٹس لے،حافظ عبدالرحمن

جمعہ مئی 23:47

حافظ محمد سعید کی کال پر اسلام آباد میں بھارتی جارحیت کیخلاف احتجاجی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) امیر جماعت الدعوہ حافظ محمد سعید کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، جامع مسجد قبا آئی ایٹ مرکز کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے مرکزی رہنما جماعت الدعوہ حافظ عبدالرحمن مکی ، ضلعی مسول اسلام آباد شفیق الرحمن و دیگر نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر کشمیر میں بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے کشمیریوں کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی ۔احتجاجی مظاہرے میں شرکا کی جانب سے کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ ، بھارتیوکشمیر ہمارا چھوڑ دو، حافظ سعید سے رشتہ کیا لاالہ الا اللہ ، تیرا نگر میرا نگر سری نگر سری نگر کے نعرے بھی لگائے گئے جبکہ پروگرام کے اختتام پر بھارتی پرچم بھی نذر آتش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ عبدالرحمن مکی نے کہا کہ کشمیر کی تحریک تیزی سے منزل کی جانب بڑھ رہی ہے۔جہاں شہدا کا خون گر جائے اس تحریک کو کوئی کامیابی سے نہیں روک سکتا۔ کشمیر میں ایک ایک دن میں بیس بیس جنازے اٹھائے جا رہے ہیں ،بین الاقوامی برادری کشمیریوں پر ظلم و بربریت کا نوٹس لے اور بھارت سرکار کی طرف سے کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ بند کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر نہتے کشمیریوں کی بدترین قتل و غارت گری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ بھارتی فوج جہاں چاہتی ہے کریک ڈاون کرتی ہے ، لوگوں کے گھروں میں گھس کر چادرو چاردیواری کا تقدس پامال کیا جاتا ہے اور پر امن مظاہرین پر فائرنگ کر کے نہتے کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج ہر شخص کے دل میں کشمیریوں کی مددکا جذبہ موجود ہیں۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کا حصول پاکستان کے لئے ز ندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ہم لازوال قربانیاں پیش کرنے پر کشمیری قوم کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب سے بھارت میں ہندو انتہاپسند تنظیم بی جے پی کی حکومت آئی ہے کشمیر میں دہشت گردی اور قتل و غارت گری کا سلسلہ بہت بڑھ گیا ہے۔ بھارت سرکارکی سرپرستی میں نہتے کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے اور اسرائیل سے درآمد کردہ کیمیائی ہتھیار استعمال کر کے بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کیاجارہا ہے۔

حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ سفارتی سطح پر بھارتی ظلم و دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائے اور دنیا بھر میں اپنے سفارت خانوں کو متحرک کر کے انڈیا کا بھیانک چہرہ واضح کیا جائے۔جماعت الدعوہ اسلام آباد کے مسل شفیق الرحمن نے کہا کہ آزادی یا موت ہر کشمیری کا نعرہ بن چکا ہے ، کشمیر کی آزادی کے لیے تمام طبقات متحد ہو چکے ہیں ، بھارتی فوج جب گولیاں چلاتی ہے تو کشمیری پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ کا نعرہ بلند کرتے ہیں یہی وہ جذبہ ہے جس سے بھارتی بوکھلا چکے ہیں اور بھارتی آرمی چیف اعتراف کر رہا ہے کہ اس مسئلہ کا فوجی حل نہیں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں تو ہمیں بھی آج پاکستان میں وہی ماحول پیدا کرنا ہے جو کشمیر میں ہے۔

ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو کسی طور تنہا نہیں چھوڑیں گے۔