بی آرٹی اورصوبہ خیبر پختونخواکے دیگر منصوبوں میں بدعنوانی،اقرباپروری اور نااہلی کے ثبوت پیش کریں گے، لقمان قاضی

جمعہ 11 مئی 2018 23:48

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما آصف لقمان قاضی نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کی کسی عدالت میں بھی وزیراعلی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں اور اگر وزیراعلی ہرجانے کا دعوی کریں تو وہ عدالت میں اس کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے بی آرٹی اورصوبہ خیبر پختونخواکے چند دیگر منصوبوں میں بدعنوانی،اقرباپروری اور نااہلی کے ثبوت پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پوری ذمہ داری اور متعلقہ شعبوں کے بارے میں شواہد کے حصول کے بعد بیان دیا ہے۔ اور وہ اپنے اس موقف پر قائم ہیں کہ کرپشن اور اقرباپروری کے نتیجے میںقومی خزانے کو بے تحاشا نقصان پہنچایا گیا ہے ۔ ا ن خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی نوشہرہ کے دفتر میں میڈیا اور اخبار نویسیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ان تما م پراجیکٹس کی نگرانی وزیر اعلی پرویز خٹک خود کررہے ہیں،اس لیے کسی دوسرے وزیر کاان میں عمل دخل ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سرکاری اعدادوشمار اور حقائق پیش کیے ہیںجنکو جھٹلاانا وزیراعلی کے لیے ممکن نہیںہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک عدالت اللہ کی لگنی ہے، وزیراعلی کو اس کی زیادہ فکر ہونی چاہیے۔ قومی خزانے کی لوٹ کھسوٹ کا اللہ کو کیاجواب دیں گے۔انہوںنے کہا کہ صوبے کے وسائل غریب عوام کی امانت ہے ۔ غریب کے منہ سے نوالہ چھین کرٹیکس جمع کئے جاتے ہیں۔

جس کو حکمران اپنی عیاشیوں کے لیے خرچ کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تبدیلی کے نام پر عوام اور نوجوانوں کو دھوکہ دیا گیا ہے۔ پی ٹی ائی کے کارکنان کرپٹ قیادت کا دفاع نہ کریںاور سیاسی لوٹوں کو مسترد کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک کو پی ٹی ائی کے پروگرام سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ یہ صرف اپنے خاندان کے مفادات کا تحفظ چاہتے ہیں۔ اس لیے تما م پارٹی ٹکٹ اپنے تمام ٹکٹ اپنے خاندان میں تقسیم کیے ہیں۔