مسلم لیگ ن کا ملتان جلسہ، کتنے آدمی تھے؟

حکمراں جماعت جنوبی پنجاب کے مرکزی شہر میں متاثر کن جلسہ کرنے میں ناکام رہی

muhammad ali محمد علی جمعہ 11 مئی 2018 23:11

مسلم لیگ ن کا ملتان جلسہ، کتنے آدمی تھے؟
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی2018ء) مسلم لیگ ن ملتان میں متاثر کن جلسہ کرنے میں ناکام رہی۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات کا وقت قریب آتے ہی تمام سیاسی جماعتوں نے تیاریاں شروع کر رکھی ہیں۔ اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتیں عوامی رابطوں کیلئے جلسوں کا انعقاد کر رہی ہیں۔ عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ن لیگ کی جانب سے بھی جنوبی پنجاب کے اہم ترین اور مرکزی شہر ملتان میں جمعہ کے روز جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔

جلسہ عام میں سابق اور نااہل قرار دے دیے جانے والے وزیراعظم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی۔ جلسے میں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی شرکت کی۔ جبکہ کئی برس سے پاکستان کی سیاست سے دور جاوید ہاشمی بھی نواز شریف کی خصوصی درخواست پر جلسے میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

جاوید ہاشمی نے جلسے میں شرکت کے دوران ن لیگ میں دوبارہ واپسی کا اعلان بھی کر دیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے جلسے کو شاندار اور تاریخی قرار دیا گیا۔ تاہم ٹی وی چینلز کے کیمروں نے کچھ اور ہی مناظر دکھائے۔ ٹی وی چینلز کی جانب سے دکھائے جانے والے فضائی مناظر میں جلسہ گاہ میں عوام کی کوئی خاص تعداد نظر نہیں آئی۔ جبکہ اس حوالے سے تجزیہ کاروں نے بھی دعوی کیا ہے کہ ن لیگ کا ملتان جلسہ توقعات کے برعکس زیادہ متاثر کن نہیں تھا۔ ن لیگ کی جانب سے جس جلسہ گاہ کا انتخاب کیا گیا تھا اسے بھرنے میں حکمراں جماعت کو بری طرح ناکامی ہوئی ہے ۔