ملک میں بجلی کی پیداوار کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا

بجلی کی پیداوار 19248 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے‘ ترجمان پاور ڈویژن کا دعویٰ

جمعہ 11 مئی 2018 23:58

ملک میں بجلی کی پیداوار کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2018ء) ملک میں بجلی کی پیداوار کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے اور بجلی کی پیداوار 19248 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔ جمعہ کو پاور ڈویژن کے مطابق گزشتہ سال جون میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار 19200 میگاواٹ حاصل ہوئی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ نجی بجلی گھر 13 ہزار 185 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جنکوز کی پیداوار 2702 میگاواٹ ہے جبکہ ہائیڈل منصوبوں سے 3360 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، اگلے چند ہفتوں میں بجلی کی پیداوار میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اضافی بجلی کی ترسیل کیلئے سسٹم کو بہتر کیا جا رہا ہے اور بجلی کی ریکارڈ پیداوار کو کامیابی کے ساتھ ٹرانسمیشن اور ترسیل کے عمل سے گزارا گیا جس سے سسٹم نے بھرپور صلاحیت سے کام کیا۔ وفاقی وزیر پاور ڈویژن نے بجلی کی ریکارڈ پیداوار پر پاور ڈویژن، این ٹی ڈی سی اور پیپکو کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کوششوں کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔ وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن عابد شیر علی اور سیکرٹری پاور ڈویژن نے بھی وزارت اور متعلق اداروں کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔