ایبٹ آباد یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کے زیراہتمام پہلی بین الاقوامی کانفرنس جولائی میں منعقد ہو گی

ہفتہ 12 مئی 2018 00:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شعبہ فزکس کے زیراہتمام پہلی بین الاقوامی کانفرنس جولائی کو منعقد ہو رہی ہے جس میں آسٹریا، چائنہ، ترکی اور جمہوریہ چیک سے سائنسدان اور محققین شرکت کر رہے ہیں۔ ایبٹ آباد یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے پری کانفرنس میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت کانفرنس کے پیٹرن انچیف اور وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کی۔

اجلاس میں شعبہ فزکس کے پروفیسرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر کانفرنس کے حوالہ سے بات چیت اور لائحہ عمل کو حتمی شکل دینے کیلئے بات چیت کی گئی۔ کانفرنس دو تا چار جولائی کو اورش آڈیٹوریم ایبٹ آباد یونیورسٹی میں منعقد ہو گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ کانفرنس سے کمپوٹینشن فزکس کے طلباء و طالبات کو انتہائی فائدہ ہو گا اور دنیا میں اس حوالہ سے ہونے والے کام، تحقیق اور ایجادات پر آگاہی کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی تحقیقی موضوعات کے حوالہ سے بھی بھرپور مدد ملے گی کیونکہ اس کانفرنس میں اس شعبہ کے دنیا کے بہترین ریسرچز اور سائنسدان شرکت کر رہے ہیں جس سے نہ صرف اس یونیورسٹی بلکہ پاکستان بھر سے آنے والے سکالرز کو فوائد حاصل ہوں گے۔