وائیس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کیجانب سے لاء کالجز کا دورہ

ہفتہ مئی 00:40

سکھر۔ 11مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ وائیس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور نے یونیورسٹی کے ملحقہ لا کالجوں اے بی ڈی لا کالج سکھر، لا کالج گھوٹکی، لا کالج ڈہرکی اور لا کالج پنو عاقل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ قانون کی تعلیم میں اصلاحات وقت کی ضرورت ہیں۔ لا کالجوں کی سست روی نے قانون کی تعلیم کو نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے نوجوانوں کو قانون کی بہتر تعلیم کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر پروین شاہ نے قانون کی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اپیکس کورٹ کے فیصلے کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے متعلقہ کالجوں کے پرنسپالز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر تعلیمی معیار کی فراہمی، طلبہ و طالبات کی حاضری، بروقت داخلہ اور امتحانات کے انعقاد اور طلبہ و طالبات کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر پروین شاہ نے متعلقہ پرنسپلز کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جو کالج پاکستان بار کونسل کے معیار کے مطابق تعلیم اور سہولتیں فراہم نہیں کرے گا اس کالج کا یونیورسٹی سے الحاق ختم کردیا گا۔ دورے کے موقع پر منظور حسین لاڑک ایڈوکیٹ سپریم کورٹ آف پاکستان اور پرنسپل شہید ذوالفقار علی بھٹو اسکول آف لا و دیگر بھی موجود تھے۔