الیکشن میں (ن) لیگ کی کامیابی کو نہیں روکا جاسکتا‘ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 12 مئی 2018 00:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن میں (ن) لیگ کی کامیابی کو بھی نہیں روکا جاسکتا اور کسی میں ہمت نہیں کہ وہ ہمیں پنجاب اوروفاق میں حکومتیں بنانے سے روکے۔جمعہ کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہمیشہ جمہوریت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی احتساب کے نام پر (ق) لیگ بنی اور اب اسی احتساب کے نام پر پی ٹی آئی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ کسی مائی کے لعل میں ہمت نہیں کہ وہ الیکشن روکے، الیکشن میں (ن) لیگ کی کامیابی کو بھی نہیں روکا جاسکتا، کسی مائی کے لعل میں ہمت نہیں کہ وہ ہمیں پنجاب اوروفاق میں حکومتیں بنانے سے روکے۔انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کی تیاری نہیں نئی حکومت سازی کی تیاری کررہے ہیں۔