جنوبی پنجاب نے میرے حق میں فیصلہ دے دیا ہے‘ ووٹ کی عزت بحال کریں گے‘نوازشریف

ہفتہ 12 مئی 2018 00:40

ملتان۔11 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء نوازشریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب نے میرے حق میں فیصلہ دے دیا ہے ‘ یہ لوگ مجھے سزا دلوانا چاہتے ہیں۔مجھے جیل بھیجنا چاہتے ہیں لیکن یہ میرا حوصلہ ختم نہیں کرسکتے۔ان خیالات کااظہازانہوں نے قلعہ کہنہ قاسم باغ میں بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نوازشریف نے کہاکہ میں آج 66ویں پیشی بھگت کرآرہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ملتان نے بتا دیا ہے کہ جنوبی پنجاب کس کا ہے۔انہوں نے کہاکہ لگتا ہے آج پورا ملتان ہی جلسہ گاہ بن گیاہے۔جنوبی پنجاب کے ٹھیکیدارو آئو دیکھ لو جنوبی پنجاب کے عوام کس کے ساتھ ہیں۔میںصادق آباد اوربہاولپور میں بھی یہی جذبہ دیکھ کرآرہاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 2018ء کے انتخابات میں جنوبی پنجاب نوازشریف کے ساتھ ہوگا اور بتائے گا کہ نوازشریف تمہارے ساتھ ظلم ہواہے۔

تمہیں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل قراردے دیاگیا۔ملتان و الوں نے یہ بتادیا ہے کہ ہمیں یہ فیصلہ منظور نہیں۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کو آپ نے 11مئی2013ء کو ووٹ دیا تھا اورآج11مئی ہی ہے ۔میں آج یہ بتانے آیاہوں کہ ہم نے سب وعدے پورے کیے۔2013ء میں 18،18گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آ پ ہمیں بھرپور اکثریت سے دوبارہ منتخب کریں ہم اس فیصلے کو بدل کر رکھ دیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ہم نے ہسپتال بنائے ،ملتان میں تعلیم اور صحت کی سہولتیں دی گئیں۔ملتان کا شمار جلد ہی ترقی یافتہ شہروں میںہوگا۔انہوں نے کہاکہ آج اس شہر میں میٹرو بس چل رہی ہے ۔آپ سے توپشاور میں میٹرو بھی نہیں بن سکی۔جس نے نیا پاکستان دیکھنا ہے وہ ملتان آکر دیکھ لے۔انہوں نے کہاکہ میرا حوصلہ جوان ہے۔

ملتان والوں نے مجھے بہت عزت دی ۔یہ ووٹ کوبھی عزت دیں گے۔انہوں نے کہاکہ میں جاوید ہاشمی کا شکرگزارہوں کہ وہ آج مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔اہل ملتان انتخابات میں ان کا بھرپور ساتھ دیں گے اور انہیں کامیاب کرائیں گے۔انہوں نے کہاکہ میں آپ سے وعدہ لینے آیاہوں کہ آپ ووٹ کی عزت بحال کرائیں گے ۔قبل ازیں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز اور مقامی رہنمائوں نے بھی جلسہ عام سے خطاب کیا۔