سعودی عرب میں گرد وغبار اور ریتلا طوفان،نظام زندگی درہم برہم

آئندہ 24گھنٹے کے دوران بھی ملک کے مختلف حصوں میں طوفان کی پیش گوئی،شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت

ہفتہ مئی 11:50

سعودی عرب میں گرد وغبار اور ریتلا طوفان،نظام زندگی درہم برہم
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) سعودی عرب میں گرد وغبار اور ریتلا طوفان آیا ہے جس سے نظام زندگی شدیدمتاثر ہو ہے جبکہ سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24گھنٹے کے دوران مملکت کے بعض علاقوں میں ریت کا شدید طوفان اور گرد آلود آندھی چلے گی۔ محکمہ موسمیات نے موسمی تبدیلی کے دوران شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق محکمہ موسمیات کی ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا کہ مملکت کے جنوب کی سمت سے نچلی ہوائیں، گردو غبار اور ریتلے طوفان کی لہریں اٹھ رہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں مطلع گرد آلود ہونے کا اندیشہ ہے۔ گردو غبار اور ریتلے طوفان سے ملک کے شمالی علاقے بالخصوص الجوف، حائل، القصیم ، مدینہ منورہ، شمال مشرقی علاقے اور مکہ مکرمہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں درجہ حرارت میں بھی اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ ملک کے شمالی علاقوں بالخصوص عسیر اور جازان کے پہاڑی علاقوں میں بارش کا بھی امکان ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گردو غبار کا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں میں رہے گا۔ اس دوران شہریوں کو سفر کرنے اور تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔