امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کا ادویات کے نرخوں میں کمی کے منصوبے کا اعلان

ہفتہ 12 مئی 2018 12:50

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ادویات کے نرخوں میں کمی کے منصوبے کا اعلان کردیا، مسابقت میں اضافہ اور ریگولیٹری اخراجات میں کمی کی جائے گی جس سے یہ ادویات مارکیٹ میں جلد اور سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ صدر ٹرمپ نے اس منصوبے کا اعلان وائٹ ہائوس میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران وزیر صحت کے ہمراہ کیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس وقت امریکی ادویات دنیا بھر میں مہنگی ہیں جنھیں لوگوں بالخصوص بزرگ اور پنشن یافتہ افراد کے لئے قابل رسائی بنانا ہے جومیڈی کیئر انشورنس پروگرام کے تحت علاج کی سہولیات سے استفادہ کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا حکومت ادویات کے شعبے میں مسابقت میں اضافے اور ریگولیٹری بوجھ کم کرنے پر توجہ دے گی اس سے ادویات سستی اور جلد دستیاب ہوں گی، اس کے علاوہ اس شعبے سے مڈل مین کے کردار کو ختم کیا جائے گا۔

اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں صحت پر اوسط فی کس سالانہ اخراجات 10 ہزار ڈالر کے قریب ہیں جو کسی بھی صنعتی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہیں جس کی اہم وجہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ صدر ٹرمپ نے دیگر ملکوں پر الزام لگایا کہ وہ امریکا میں دوائوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ہیں۔