سرگودھا ، ایم ایم روڈ پر حادثہ میں چار افراد کی ہلاکت پر احتجاج کرنے والوں کیخلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

ہفتہ 12 مئی 2018 13:40

․سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) سرگودھا ریجن کے علاقہ ایم ایم روڈ پر حادثہ میں چار افراد کی ہلاکت پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ ذرائع کے مطابق جمعرات کو 209 اڈا کے قریب مسافر بس کی رکشہ کو ٹکر میں ایک ہی خاندان کے میاں بیوی اور ماں بیٹا جان بحق اور خاتون کے مضروب ہونے پر لواحقین سمیت افراد نے احتجاج کر کے روڈ بلاک کیا تھا۔

انتظامیہ کی یقین دہانی پرمظاہرین منتشر ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ سرائے مہاجر نے احتجاج کرنے والوں کے خلاف دوسری بس اغوا کرنے کی کوشش کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔مقدمہ بس ڈرائیور کی شکایت پر درج کیا گیا،حادثہ کی ایف آئی آر پہلے درج کی گئی ہے۔ یو سی چیر مین نصراللہ کا کہنا ہے کہ جھوٹا مقدمہ جان بحق ہونے والوں کے لواحقین اور مظاہرین کو بلیک میل کرنے کے لیئے درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاںبحق ہونے والوں کے جنازہ تک میں کسی آفیسر نے شرکت نہیں کی الٹا انہی کے رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔اس حادثہ میں چک 60/61 ایم ایل کا عطاء اللہ اس کی بیوی فرزانہ بی بی ساس صغراں بی بی سالہ امتیاز جانبحق اور بہن فاطمہ بی بی شدید زخمی ہوئیمرحومین کو ان کے ابائی گاوں سپرد خاک کر دیا گیا۔