انسان کے 85 ہزارسال پرانے قدموں کے نشان دریافت

سعودی کے النفود صحرا سے انسان کے 85 ہزارسال پرانے قدموں کے نشان دریافت

ہفتہ 12 مئی 2018 14:19

انسان کے 85 ہزارسال پرانے قدموں کے نشان دریافت
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2018ء) سعودی کے النفود صحرا سے انسان کے 85 ہزارسال پرنے قدموں کے نشان دریافت ہوئے ہیں ۔ مزید تفصیلات کےمطابق محکمہ سیاحت و قومی آثار کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے جمعرات کے روز جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے قومی عجائب گھر میں سعودی محکمہ سیاحت کے زیر انتظام ہونے والی نمائش ”سعودی عرب کے شاندار نوادر“ میں اعلان کیا ہے کہ تبوک کے اطراف صحراءالنفود میں قدیم جھیل کے کنارے سے 85 ہزار برس پرانے ایک انسان کے قدموں کے نشانات دریافت ہوئے ہیں۔

مقامی ذرائع سعودی گزٹ کے مطابق اس حیرت انگیز اور نادر دریافت سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کس طرح سے ہماری نسلیں افریقہ سے آئی اور اس خطے میں آ کر بسیرا کیا ۔ شہزادہ سلطان بن سلمان نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسکی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ  سعودی بین الاقوامی آثار قدیمہ کی ٹیم کو کئی بالغ افراد کے قدموں کے نشانات ملے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ قدیم جھیل کی گدلی زمین پر جگہ جگہ نظر آرہے تھے۔

ان میں پاوں کا ہر نشان مختلف سمت میں چلتا ہوا نظر آرہا تھا اور اس بات سے پتہ چلا ہے کہ امکان ہے کہ یہ لوگ ماہی گیرہوں اور کھانے کی تلاش میں جھیل کے اطراف چکر لگا رہے ہوں۔اس دریافت کا مزید گہرائی اور گیرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے اس کے بعد ہی کوئی فائنل فیصلہ لیا جائے گا ۔  شہزادہ سلطان بن سلمان نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئےمزید کہا کہ سعودی عرب کے شمال مغربی علاقے سے انسانی جسم کی قدیم ترین ہڈی برآمد ہوئی تھی ۔

  محکمہ ارضیات نے تحقیق سے پتہ چلایا تھا کہ یہ ہڈی 85 ہزار سال پرانی ہے ۔ مقامی ذرائع الوطن اخبار کے مطابق سعودی محکمہ ارضیات کے نگران حسین العتیبی نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ برآمد ہونے والی ہڈی انسان کی انگلی کہ ہے جسکی لمبائی 32 ملی میٹر اور چوڑائی 9 ملی میٹر ہے ۔ حسین العتیبی نے مزید بتایا تھا کہ یورپ کی محکمہ ارضیات کی ٹیم تحقیق کے لیے کھدائی کر رہی تھی جب یہ ہڈی برآمد ہوئی اور تحقیق سے ثابت ہوا کہ یہ دنیا کی قدیم ترین ہڈی ہے۔