صوبہ کے نو تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر امتحانات کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیدیئے گئے‘

لاہور ہائیکورٹ نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران کنٹرولر امتحانات کو مجسٹریٹ پاورز دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

ہفتہ 12 مئی 2018 14:53

صوبہ کے نو تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر امتحانات کو مجسٹریٹ کے اختیارات ..
لاہور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) صوبہ کے نو تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر امتحانات کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیدیئے گئے‘ لاہور ہائیکورٹ نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کے دوران کنٹرولر امتحانات کو مجسٹریٹ پاورز دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا‘ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کنٹرولر امتحانات کو کریمینل پروسیجر اور پنجاب یونیورسٹیز اینڈ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایکٹ 1950ء کے تحت مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے گئے ہیں‘ نوٹیفکیشن کے مطابق کنٹرولر امتحانات امسال ایف ای/ ایف ایس سی کے سالانہ امتحانات میں امتحانی مراکز میں انسپکشن کے دوران ان اختیارات کا استعمال کرسکتے ہیں اور بوٹی مافیا سمیت کسی بھی غیر قانونی کارروائی میں ملوث امتحانی عملے اور طلباء و طالبات کو موقع پر سزاء دے سکتے ہیں‘ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کے جن نو تعلیمی بورڈز کے کنٹرولر امتحانات کو مجسٹریٹ کے اختیارات دیئے گئے ہیں ان میں کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ پروفیسر محمد ناصر جمیل انجم‘ کنٹرولر امتحانات گوجرانوالہ بورڈ ناصر محمود اعوان‘ کنٹرولر امتحانات فیصل آباد بورڈ خرم شہزاد‘ کنٹرولر امتحانات راولپنڈی بورڈ عابد حسین کھرل‘ کنٹرولر امتحانات ملتان بورڈ ڈاکٹر ظفر اقبال طاہر‘ کنٹرولر امتحانات بہاولپور بورڈ طاہر حسین جعفری‘ کنٹرولر امتحانات ڈیرہ غازیخان بورڈ چوہدری مشتاق علی‘ کنٹرولر امتحانات ساہیوال بورڈ قاضی عبدالناصر اور کنٹرولر امتحانات سرگودھا بورڈ محمد اکرم تارڑ شامل ہیں‘اس سلسلے میں رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے نام مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے۔