محکمہ زراعت نے راولپنڈی ڈویژن میں 4824کاشتکاروں کو مفت بیج فراہم کر دیئے

کنیکٹڈایگریکلچر پلیٹ فارم پروگرام کے تحت رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سمارٹ فون اور 3G/4G سم کارڈز کی فراہمی

ہفتہ 12 مئی 2018 15:06

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) ڈائریکٹر زراعت (توسیع) راولپنڈی ڈویژن سجاد حیدر نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب کاشتکاروں کوشفاف قرعہ اندازی کے ذریعے معیاری بیج کی مفت فراہمی کے اقدامات جا ری رکھے ہوئے ہے اور راولپنڈی ڈویژن میں 2017-18 میں 4 ہزار 8 سو 24 کاشتکاروں کو بیماریوں سے پاک معیاری بیج مفت فراہم کیے گئے۔

سجاد حیدر نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے دیگر انقلابی اقدامات بھی جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کاشتکار اپنی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔ انہوںنے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ خطہ پوٹھوہار کی زمینی ساخت اور ماحول پنجاب کے دیگر علاقوں کی نسبت مختلف ہے جس کی وجہ سے محکمہ زراعت پنجاب پوٹھوہار میں زرعی پیداوار کے فروغ کے لیے کاشتکاروں کی آگہی کے فروغ کے ٹھوس اقدامات کر رہاہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔ رجسٹرڈ کاشتکاروں کو مختلف زرعی سکیموں سے بروقت آگاہ کیا جا رہا ہے۔ کاشتکاروں کو بلاسود قرضہ جات دیئے جا رہے ہیں۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ ساڑھے 12 ایکڑ اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ قرضہ حاصل کرنے والوں میں مالکان و مزارعین دونوں شامل ہیں۔

شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کاشتکاروں کو بیماریوں سے پاک بیج بھی دیئے گئے۔حکومت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے موثر انتظامات کر رہی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر محکمہ زراعت پنجاب،انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ٹیلی نار پاکستان کے اشتراک سے کنیکٹڈایگریکلچر پلیٹ فارم (CAPP ( تشکیل دیا گیا ہے۔اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سمارٹ فون اور 3G/4G سم کارڈفراہم کیے جا رہے ہیں جن کے ذریعے زرعی توسیعی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

بے زمین اورمزراعین کیلئے یہ سمارٹ فونز500/- روپے جبکہ اراضی مالکان کیلئے صرف1000/- روپے کی معمولی رقم میں دستیاب ہوں گے۔ ان سمارٹ فونز میں وہ تمام ایپلکشنز موجود ہیں جن کے ذریعے کاشتکار ایک " ڈیجٹیل ایکو سسٹم" کے تحت زرعی تحقیق کے نتائج، فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں، حکومتی سبسڈی ، منڈیوں کے بھائو، زرعی ماہرین سے رابطہ، کراپ کیلنڈر اور زرعی کسان ٹی وی سمیت بہت ساری معلومات سے گھر بیٹھے مستفید ہو سکے گا۔

ان سمارٹ فونز میں ہر ماہ1GB فری انٹرنیٹ کے علاوہ وائس اور ایس ایم ایس بکٹ کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔اسی فون میں کسان ٹی وی ایپلکیشن کے ذریعے کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق ویڈیوز بھیجی جائیں گی تاکہ کاشتکار اپنی فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔ محکمہ زراعت پنجاب کے قائم کردہ "سہولت سنٹرز "سے سمارٹ فونز کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سہولت بوتھس پر کاشتکاروںکو ان سمارٹ فون کے استعمال بارے بھی تربیت فراہم کی جائے گی ۔