ڈبلن ٹیسٹ کا ٹاس ہوگیا

آئرلینڈ کاپاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 12 مئی 2018 14:32

ڈبلن ٹیسٹ کا ٹاس ہوگیا
ڈبلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12مئی 2018ء) تاریخی ٹیسٹ میچ میں میزبان آئر لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آئرلینڈ کے کپتان ولیم پورٹ فیلڈکا کہنا تھا کہ آج کا دن آئر لینڈ کرکٹ کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے اور سب کھلاڑی اسے یادگار بنانے کی پوری کوشش کریں گے ۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی نے اوپنر امام الحق اور آل راﺅنڈر فہیم اشرف کو ٹیسٹ کیپ دی ۔

جمعرات کو ڈبلن میں آئرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان ولیم پورٹر فیلڈ اور قومی کپتان سرفراز احمد نے واحد ٹیسٹ میچ کی ٹرافی کی رونمائی کی۔اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ اگر میچ میں بارش ہوئی تو دونوں ٹیموں کو نقصان ہوگا، امام الحق کو تجربہ کار اوپنر سمیع اسلم پر اس لیے ترجیح دی گئی ہے کیوں کہ سمیع اسلم کے مقابلے میں امام الحق اچھی بیٹنگ فارم میں ہیں۔

(جاری ہے)

سرفراز کا کہنا تھا کہ لیگ سپنر شاداب خان نے پریکٹس میچز میں اچھی بولنگ کی لیکن ہمیں ٹور پر یاسر شاہ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی، امید ہے شاداب خان توقعات پوری کرتے ہوئے اچھا پر فارم کریں گے۔قومی کپتان نے کہا کہ تمام کھلاڑی فٹ ہیں،آئر لینڈ نے ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کے لئے طویل سفر طے کیا ہے اور وہ اس کے مستحق ہیں، پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد آئرلینڈ کی کرکٹ مزید بلندی کی طرف جائے گی ۔

سرفراز کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ سے قبل پریکٹس کے لیے زیادہ سے زیادہ میچز ملنے چاہئیں، پہلا میچ سرد موسم اور دوسرا گرم موسم میں ہوا، میرے اور میری ٹیم کے لیے اعزاز ہے کہ ہم تاریخی ٹیسٹ میں شریک ہیں،انہوں نے کہا کہ موسم پر کنٹرول کرنا ہمارے بس میں نہیں ہے، ہم پورا میچ کھیل کر جیتنا چاہتے ہیں۔