پاسداران انقلاب بدامنی پھیلانے کے لیے وسائل مہیا کر رہی ہے، امریکا

دنیا پاسداران انقلاب کو خطے میں بد نظمی پھیلانے سے باز رکھے اورایران پر دبائوڈالے،وائٹ ہائوس

ہفتہ 12 مئی 2018 16:13

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) امریکی حکومت نے خطے میں ایران کی بڑھتی عسکری سرگرمیوں پر شدید نکتہ چینی کی ہے اور کہا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب مشرق وسطیٰ میں بدامنی برآمد کرنے اور کشیدگی کو ہوا دینے کا ذمہ دار ہے۔عر ب ٹی وی کے مطابق وائیٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں امریکی حکومت نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کو اپنا خطرناک رویہ تبدیل کرنے کے لیے تہران پر دباؤ ڈالے۔

(جاری ہے)

وائیٹ ہاؤس نے ایرانی سرگرمیوں کو آوارہ گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی پالیسی خطے کی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔ دنیا کو ایران کو راہ راست پر رکھنے کے لیے اس پر سخت دباؤ ڈالنا ہو گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ شام کے اندر سے اسرائیل کے زیر کنٹرول وادی گولان پر میزائل حملے، یمن میں حوثیوں کو اسلحہ کی سپلائی اور سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملوں میں معاونت تہران کی جارحانہ پالیسی کا کھلا ثبوت ہیں۔