آزاد کشمیر کا بجٹ اجلاس ماہ رمضان المبارک کے پیش نظرعیدالفطر کے بعد رکھا جائے ،ْچودھری محمد یٰسین

ہفتہ 12 مئی 2018 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) قائد حزب اختلاف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چودھری محمد یٰسین نے تجویز دی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر آزاد کشمیر کا بجٹ اجلاس عیدالفطر کے بعد رکھا جائے ۔پاکستان کی وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں انتخابات کی وجہ سے وقت سے قبل بجٹ پیش کر چکی ہیں آزاد کشمیر میں نہ تو انتخابات ہورہے ہیں اور نہ ہی کوئی غیر معمولی صورتحال ہے اس لیے حکومت آزاد کشمیر بجٹ اجلاس رمضان المبارک کے دنوں میں پیش نہ کرے ۔

ہفتہ کو میڈیا نمائند گان سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کو کس بات کی جلدی ہے انکو رمضان المبارک کے دوران اجلاس بلانے کے بجائے عیدالفطر کے فوری بعد اجلاس بلانا چاہیے تاکہ بجٹ پر سیر حاصل بحث کی جاسکے حکومت اپوزیشن سے مشاورت کرے تو بہتر ہوگا انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نگران حکومت سے آزاد کشمیر کے حکمران کیوں خوفزدہ ہیں انکو اپنے وقت سے قبل بجٹ پیش کر نے کی کیا ضرورت پیش آئی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انتخابات میں پیپلزپارٹی ہی میدان مارے گی بلاول بھٹو زرداری وزارت عظمی کے عہدے پر فائز ہونگے مرد حر آصف علی زرداری کے ویژن پر چل کر ہی پاکستان کی بگڑی ہوئی معیشت کو درست کیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے جمہوریت کے بجائے بادشاہت قائم کی جس سے پاکستان کی معیشت تباہ ہو ئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج جو کہہ رہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا اسکو کشمیر یوں کے خون کا سودہ کر نے پر قدرت نے نکالا تحریک آزادی کشمیر کو سپورٹ کرنے کے بجائے مودی اور جندال سے کاروباری دوستیاں بڑھائی گئیں نواز شریف نے ہمیشہ سازشوں کے ذریعے اقتدار حاصل کیا اور دوستوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا آج وہ آپنے انجام کو پہنچ چکا۔