جسٹس ثاقب کا شاہین ایئر لائن کے سربراہ پر معلومات فراہم نہ کرنے پر اظہار برہمی

دہری شہریت رکھ کر آپ عدالت کے احکامات سے کھیل رہے ہیں‘3دن کے اند ر اگر معلومات نہ فراہم کی گئی تو سخت حکم دینگے عدالت نے شاہین ایئر لائن کو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا‘ رقم فاطمہ فائونڈیشن میں جمع کروانے کا حکم

ہفتہ 12 مئی 2018 16:21

جسٹس ثاقب کا شاہین ایئر لائن کے سربراہ پر معلومات فراہم نہ کرنے پر اظہار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 مئی2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پائلٹس جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران شاہین ایئر لائن کے سربراہ پر معلومات فراہم نہ کرنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیں کہ دہری شہریت رکھ کر آپ عدالت کے احکامات سے کھیل رہے ہیں‘3دن کے اند ر اگر معلومات نہ فراہم کی گئی تو سخت حکم دینگے‘عدالت نے شاہین ایئر لائن کو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا‘ رقم فاطمہ فائونڈیشن میں جمع کروانے کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں میں پی آئی اے مبینہ نجکاری اور ڈگریوں کی تصدیق کے کیس کی سماعت کی گئی۔کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں کی گئی۔شاہین ایئر لائن کے سربراہ احسان صہبائی عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے پوچھا کہ آپ دہری شہریت رکھتے ہیں ،جس پراحسان صہبائی نے جواب دیا کے جی ہاں۔جسٹس ثاقب شاہین ایئر لائن کے سربراہ پر معلومات فراہم نہ کرنے پر برہم ہوئے اور کہا کہ دہری شہریت رکھ کر آپ عدالت کے احکامات سے کھیل رہے ہیں۔3دن کے اند ر اگر معلومات نہ فراہم کی گئی تو سخت حکم دیں گے۔اس کے ساتھ عدالت نے شاہین ایئر لائن کو ایک لاکھ روپے کا جرمانہ کرتے ہوئے فاطمہ فائونڈیشن میں جمع کروانے کا حکم دے دیا۔