ایف آئی اے نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کو جانے کی اجازت نہ دی

امریکہ کا خصوصی سی ون 30 طیارہ کرنل جوزف کے بغیر ہی واپس روانہ ہو گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 12 مئی 2018 16:34

ایف آئی اے نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کو جانے کی اجازت نہ دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12 مئی 2018ء) : ایف آئی اے نے امریکی سفارتکار کرنل جوزف کو ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفاتکار کرنل جوزف کو لے جانے کے لیے آنے والا امریکہ کا خصوصی طیارہ سی ون 30 نور خان ائیر بیس سے روانہ ہو گیا ہے۔ امریکہ کے خصوصی طیارے نے نور خان ائیر بیس پر چار گھنٹے انتظار کیا جس کے بعد نور خان ائیر بیس اسلام آباد سے بگرام ائیر بیس افغانستان روانہ ہو گیا۔

قبل ازیں ایف آئی اے نے نوجوان کی موٹر سائیکل کو گاڑی سے ٹکر مارنے والے کرنل جوزف کا پاسپورٹ تحویل میں لے لیا تھا۔ امریکی طیارے کی نور خان ائیر بیس آمد کے بعد کرنل جوزف کا آج پاکستان سے امریکہ جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی سفارتکار کی ٹکر سے نوجوان عتیق کی ہلاکت سے متعلق ایک درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

نوجوان عتیق کے والد کی درخواست پر جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ سماعت کے دوران وزارت داخلہ کو کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا گیا ۔ یہ حکم اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کیا گیا۔ عدالتی حکم کے مطابق وزارت داخلہ کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق دو ہفتوں میں فیصلہ کرے۔

ملزم کرنل جوزف کو مکمل استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔یا درہے کہ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ 7 اپریل کو اسلام آباد میں تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکی سفارت خانے کے ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا تھا۔ جس گاڑی سے ٹکر ہوئی تھی وہ امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف ایمانوئیل خود چلا رہے تھے اور جب موٹر سائیکل کو ٹکر لگی تو دو نوجوان عتیق اور راحیل موٹر سائیکل پر سوار تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے عتیق موقع پر ہی دم توڑ گیا تھا جبکہ اس کے ساتھی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔