Live Updates

شہبازشریف کی ہر سکیم ناکام اور کرپشن کھل کر سامنے آ رہی ہے، ہماری سیاست کا مقصد عام اور غریب آدمی کو سہولیات فراہم کرنا ہے‘پرویزالٰہی

کارکنوں کو پارٹی میں اصل مقام ملے گا، جلد فیصل آباد اور جڑانوالہ میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائیگا‘فیصل آباد جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب

ہفتہ 12 مئی 2018 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی ہر سکیم ناکام اور کرپشن کھل کر سامنے آ رہی ہے وہ جلد اپنی ناکام سکیموں میں کرپشن کی وجہ سے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر فیصل آباد کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر خدیجہ فاروقی ایم پی اے، ضلعی صدر فیصل آباد محمد عظیم، چودھری برھان المقتدر، چودھری نبی احمد، چودھری احسان اللہ تارڑ، ملک فراز اعوان، رانا تصور حسین، چودھری حسن اختر، عاشر وسیم بابر، ملک بشیر، ابوبکر حمزہ، نگہت رانا اور محترمہ مسرت خان موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ اپنے بنائے ہوئے تنور تک کھا گئی، غریبوں کیلئے بنائی گئی آشیانہ ہائوسنگ سکیم میں جو کرپشن سامنے آئی ہے اس میں حکمرانوں کے اپنے لوگ پکڑے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کارکنوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے، ہماری سیاست کا مقصد عام آدمی غریب آدمی کو سہولیات فراہم کرنا ہے کیونکہ کارکن ہی پارٹی کی اصل طاقت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی تقریر میں کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، نوازشریف اپنے بیانیہ کی وجہ سے تین بار وزارت عظمیٰ کے عہدے سے نکالے گئے، اداروں کو بدنام کر کے کس مشن کو پورا کر رہے ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ملتان میں ناقص تعمیر کی وجہ سے سپیڈو بس زمین میں پوری دھنس گئی، اس سڑک کا افتتاح صرف ایک ماہ پہلے ہوا تھا جو شہبازشریف کی کرپشن اور کمیشن کا منہ بولتا ثبوت ہے، شہبازشریف نے ہمارے منصوبوں کو بند کر کے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے، آج ڈاکٹر، اساتذہ، کسان، مزدور ان کے خلاف سڑکوں پر ہڑتال کیے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی سمیت دیگر پارٹیاں عوام سے کہہ رہی ہیں کہ ہم آئے تو یہ کریں گے جبکہ ہم تو پہلے ہی عوام کی فلاح کے کام کر چکے ہیں، انشاء اللہ ہم دوبارہ آ کر ان کو مزید آگے بڑھائیں گے، ہم نے اپنے منشور پر عمل کیا ہے، آج کسان، مزدور، مریض، ڈاکٹر، اساتذہ ہر کوئی مسلم لیگ کے دور کو یاد کر رہا ہے، مسلم لیگ فیصل آباد کے وفد نے چودھری پرویزالٰہی دورہ فیصل آباد اور جڑانوالہ کی دعوت بھی دی۔

رانا محمد عظیم ضلعی صدر فیصل آباد نے کہا کہ پارٹی صحیح معنوں میں اب مضبوط ہو گی، جانے والے اکیلے گئے پارٹی کی پوری تنظیم آج بھی ہمارے ساتھ ہے، جلد فیصل آباد اور جڑانوالہ میں ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات