وویمن آن وہیل سبسیڈائز سکیم کے ابتدائی مرحلہ پر 700 خواتین میں موٹربائیکس تقسیم کی جائیں گی

ہفتہ 12 مئی 2018 17:32

وویمن آن وہیل سبسیڈائز سکیم کے ابتدائی مرحلہ پر 700 خواتین میں موٹربائیکس ..
لاہور۔12 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی جانب سے خواتین کی ترقی کے لیے اُٹھائے گئے متعدد کامیاب اقدامات کے بعد کل وزیر اعلیٰ سٹریٹیجک ریفارمز یونٹ اورٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے خواتین کو ذاتی سواری کی فراہمی کے لیے وویمن آن وہیل سبسیڈائز بائیکس سکیم کے تحت تربیت حاصل کرنے والی خواتین میںبائیکس تقسیم کی جائیں گی ۔

یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے خواتین کے لیے سبسیڈائز بائیکس سکیم کی منظوری 2016ء میں دی گئی تھی ۔ سکیم کے تحت بنک آف پنجاب اور ہنڈا موٹرز کی پارٹنر شپ سی3000 سبسیڈائزڈ موٹر سائیکلز کی تقسیم طے پائی تھی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے سکیم کی باقاعدہ لانچ سے قبل محکمہ ٹرانسپورٹ اورٹریفک پولیس پنجاب کی معاونت سے خواتین کی تربیت کا سلسلہ شروع کیا گیا اور جنوری 2018ء میں بائیکس کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والی خواتین سے درخواستیں وصول کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں مکمل کوائف کے ساتھ درخواستیں جمع کروانے والی ضرورتمند خواتین سے متعلق ضروری جانچ پڑتال اور ضابطے کی کاروائی کے بعد کل پہلے مرحلہ پر 700 خواتین میں رعایتی قیمتوں پر بائیکس تقسیم کی جا رہی ہیں۔ اس حوالہ سے باقاعدہ تقریب الحمراء ہال میں منعقد ہو گی جسمیں صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے خواتین میں بائیکس کی چابیاں تقسیم کریں گی۔ تقریب کے اختتام پر مال روڈ پر میگا بائیکس ریلی منعقد کی جائے گی جس میں بائیکس حاصل کرنے والی خواتین حصہ لیں گی۔