لاہور سمیت صوبے بھر کے دیگر اضلاع کے نابینا افراد اپنے مطالبات کی حمایت میں ایک مرتبہ پھر سراپا احتجاج

ہفتہ 12 مئی 2018 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2018ء) لاہور سمیت صوبے بھر کے دیگر اضلاع کے نابینا افراد اپنے مطالبات کی حمایت میں ایک مرتبہ پھر سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنا دیتے ہوئے ٹریفک بند کر دی، مظاہرین میں شامل نابینا افراد جن کا تعلق لاہور، خانیوال، لیہ، سرگودھا سمیت دیگر اضلاع سے تھا نے پنجاب حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، ان کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ انہیں روزگار فراہم کیا جائے، مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے بعض نابینا افراد کو آخری ملازمتیں دے کر ان کی تنخواہیں بند کر دی ہیں، مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرنے کے لئے اسلام آباد کا رخ اختیار کر سکتے ہیں، مظاہرے سے لاہور پریس کلب کے باہر گردونواح کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گئی اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔